உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    طلاق ثلاثہ بل راجیہ سبھا میں منظورہونے پروزیراعظم مودی نے پورے ملک کےلئے'تاریخی دن' قرار دیا

    وزیراعظم نریندرمودی اور وزیرداخلہ امت شاہ نے طلاق ثلاثہ بل کی منظوری کے بعد اسے ہندوستان کےلئے تاریخی قرار دیا ہے۔ تصویر: فائل فوٹو

    وزیراعظم نریندرمودی اور وزیرداخلہ امت شاہ نے طلاق ثلاثہ بل کی منظوری کے بعد اسے ہندوستان کےلئے تاریخی قرار دیا ہے۔ تصویر: فائل فوٹو

    وزیراعظم نریندرمودی اور وزیرداخلہ امت شاہ نے آج کےدن کوہندوستان کی جمہوریت کےلئے بہت اچھا دن قراردیا ہے۔

    • Share this:
      طلاق ثلاثہ بل راجیہ سبھا میں منظورہونے کے بعد برسراقتدار جماعت بی جے پی میں زبردست خوشی کی لہردیکھنے کو مل رہی ہے۔ وزیراعظم نریندرمودی نے طلاق ثلاثہ بل راجیہ سبھا میں منظورہونےکے بعد آج کے دن کوتاریخی دن قراردیا ہے۔ بی جے پی لیڈروں نےآج بل منظورہونےکےبعد اسےتاریخی دن قراردیا ہے۔  دراصل راجیہ سبھا میں طلاق ثلاثہ بل کی حمایت میں 99 ووٹ پڑے جبکہ اس کی مخالفت میں 84 ووٹ پڑے۔ اس طرح سے راجیہ سبھا میں یہ بل منظورہوگیا۔

      اس سے قبل بی جے پی اپوزیشن جماعتوں اورمسلم رہنماوں کی مخالفت کے باوجود اس بل کو پاس کرانے کے لئے بضد تھی۔  جبکہ جمعرات کویہ بل لوک سبھا میں پہلے ہی منظورہوگیا تھا۔ طلاق ثلاثہ بل کےمنظورہونےکے بعد مودی حکومت کی یہ بڑی جیت مانی جارہی ہے۔ وزیراعظم مودی اور وزیرداخلہ امت شاہ نے بھی ٹوئٹ کرکے مسلم خواتین کے لئے تاریخی دن قراردیا۔

      وزیراعظم مودی نے طلاق ثلاثہ بل کی منظوری کے بعد ٹوئٹ کرکے خوشی کا اظہارکیا۔ انہوں نےٹوئٹ کیا 'تین طلاق بل کا پاس ہونا خواتین کوبااختیاربنانے کی سمت میں بہت بڑا قدم ہے۔ خوش آمد کےنام پرملک کی کروڑوں ماوں اوربہنوں کوان کے حقوق سےمحروم رکھنے کا گناہ کیا گیا۔ مجھےاس بات پرفخرہےکہ مسلم خواتین کوان کا حق دینے کا سہرا ہماری حکومت کوحاصل ہوا ہے'۔

      وزیراعظم نریندرمودی نےایک اورٹوئٹ کیا 'پورے ملک کےلئےآج ایک تاریخی دن ہے۔ آج کروڑوں مسلم ماوں اوربہنوں کی جیت ہوئی ہےاورانہیں عزت کے ساتھ جینےکا حق ملا ہے۔ صدیوں سے تین طلاق کی برائی سے متاثرہ مسلم خواتین کوآج انصاف ملا ہے۔ اس تاریخی موقع پرمیں سبھی اراکین پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں'۔




      وزیرداخلہ امت شاہ نے طلاق ثلاثہ بل کی منظوری کےبعد ٹوئٹ کرکے وزیراعظم نریندر مودی کومبارکباد پیش کرتے ہوئےآج کا دن ہندوستان کی جمہوریت کے لئے بہت اچھا دن قراردیا ہے۔ امت شاہ نےکہا کہ مودی حکومت نےاپنےعہد کوپورا کرکے تین طلاق پرپابندی عائد کردی ہے، جومسلم خواتین کواس لعنت سےآزادی ملےگی۔  امت شاہ نے ان تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نےاس تاریخی بل کی حمایت کی۔




      راجیہ سبھا میں آج تین طلاق بل پربحث کے دوران بل کو سلیکٹ کمیٹی کے پاس بھیجنے کی تجویزخارج ہوگئی۔ سلیکٹ کمیٹی کے پاس بھیجنےکی تجویز کےحق میں 84 اوراپوزیشن میں 100 ووٹ پڑے۔ طلاق ثلاثہ بل کواب سلیکٹ کمیٹی کے پاس نہیں بھیجا جائے گا اوراب کوئی ترمیمی تجویزبھی نہیں آئے گی۔ اس سے قبل اپوزیشن لیڈرغلام نبی آزاد نےاس بل کو سلیکٹ کمیٹی کے پاس بھیجنےکا مطالبہ کرتے ہوئےمرکزی حکومت پرسخت تنقید کی تھی۔

      First published: