نئی دہلی۔ جے این یو میں پارلیمنٹ پر حملے کے مجرم افضل گرو کی برسی منانے کو لے کر پیدا ہوئے تنازعہ پر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سخت رخ اپنایا ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ملک میں رہ کر ملک مخالف نعرے لگانے والوں کو کسی بھی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا۔ راج ناتھ سنگھ کے مطابق اس معاملے میں انہوں نے دہلی پولیس کمشنر کو کہا کہ وہ قصورواروں پر سخت کارروائی کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک مخالف کام کرنے والوں سے حکومت سختی سے پیش آئے گی۔
بتا دیں کہ اس معاملے میں دہلی سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ مہیش گری نے غداری کا کیس درج کرایا ہے۔ مہیش گری نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور انسانی وسائل کی ترقی کی وزیر اسمرتی ایرانی کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ وہ جے این یو کے وائس چانسلر کو پروگرام کے منتظمین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دیں۔ وہیں، اے بی وی پی نے انڈیا گیٹ پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
غور طلب ہے کہ دانشوروں کا گڑھ کہی جانے والی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں جمعرات کو کچھ طالب علموں نے پارلیمنٹ پر حملے کے مجرم افضل گرو کی برسی منائی اور اس موقع پر ملک مخالف نعرے بھی لگائے گئے۔ دراصل، طالب علموں کے ایک گروپ نے پارلیمنٹ پر حملے کے مجرم افضل گرو اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے شریک بانی مقبول بھٹ کی یاد میں پروگرام منعقد کیا تھا۔ مخالفت کر رہے طالب علموں کے گو بیک انڈیا، کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی، ہندستان کی بربادی تک جنگ رہے گی جیسے نعروں نے پورے کیمپس میں ہنگامہ برپا کر دیا تھا۔
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔