لکھنو : اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں واضح اکثریت ملنے کے بعد بی جے پی اعلی کمان اب ریاست کے نئے وزیر اعلی کے انتخاب میں مصروف ہے ۔ ذرائع کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ وزیر اعلی کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں ۔ لیکن آر ایس ایس چاہتا ہے کہ پسماندہ اور دلت طبقہ کو بھی ناراض نہیں کیا جانا چاہئے ۔ لہذا توازن برقرار رکھںے کے لئے پسماندہ اور دلت طبقہ سے ایک ایک نائب وزیر اعلی بھی بنائے جا سکتے ہیں ۔
ویسے یہ بھی کہا یہ بھی جا رہا ہے کہ یوپی کا وزیر اعلی کون ہوگا ، اس پر فیصلہ 20 مارچ سے پہلے ہونے کا امکان کم ہی نظر آرہا ہے ۔ سولہ مارچ کو یوپی ممبران اسمبلی اور مبصرین کی میٹنگ ہونے والی ہے، لیکن اس دوران آر ایس ایس کی میٹنگ 17 سے 19 مارچ تک كوئمبٹور میں ہونی ہے ۔ لہذا اس دوران آر ایس ایس کی رائے کے بغیر وزیر اعلی کے نام پر اتفاق رائے ہونے کا امکان کم ہی نظر آرہا ہے ۔
راج ناتھ سنگھ کے علاوہ ڈاکٹر مہیش شرما ، کیشو پرساد موریہ ، ڈاکٹر دنیش شرما ، سوتنتر دیو سنگھ ، ستیش مہانا اور منوج سنہا بھی وزیر اعلی کی دوڑ میں ہیں ۔ تاہم مہیش شرما نے خود کو ریس سے الگ بتاتے ہوئے کہا کہ راج ناتھ سنگھ وزیر اعلی کے لئے سب سے زیادہ مناسب چہرہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ان کے نام پر کوئی بحث نہیں ہوئی ۔
واضح رہے کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو واضح اکثریت ملی ہے ۔ پارٹی نے 403 سیٹوں میں سے 312 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ حکمراں سماج وادی پارٹی کے ساتھ بہوجن سماج پارٹی بھی حاشیہ پر آ گئی ۔ بی جے پی نے 312 سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے ، وہیں بی ایس پی کو 19، ایس پی کو 47 اور کانگریس کو محض 7 نشستوں پر کامیابی ملی ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔