بےقابو ہوئے راکیش ٹکیت، اب صحافیوں سے بات چیت کے دوران ایک شخص کو مارا تھپڑ، ویڈیو وائرل
راکیش ٹکیت نے غازی پور بارڈر پر جمعرات کی شام کو صحافیوں سے بات چیت کے دوران وہاں موجود ایک شخص کو تھپڑ مار دیا۔ اس دوران راکیش ٹکیت نے اسے پکڑ لیا اور بار بار پوچھتے نظر آئے کہ تو کون ہے۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Jan 28, 2021 11:36 PM IST

راکیش ٹکیت کی فائل فوٹو
نئی دہلی۔ کسان تحریک کے دوران اشتعال انگیز تقریر کرنے کو لے کر جہاں بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت (Rakesh Tikait) سرخیوں میں بنے ہیں، وہیں اب انہوں نے ایک اور تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔ راکیش ٹکیت نے غازی پور بارڈر پر جمعرات کی شام کو صحافیوں سے بات چیت کے دوران وہاں موجود ایک شخص کو تھپڑ مار دیا۔ اس دوران راکیش ٹکیت نے اسے پکڑ لیا اور بار بار پوچھتے نظر آئے کہ تو کون ہے۔ ٹکیت نے اسے گریبان پکڑ کر کھینچا۔ بعد میں وہاں موجود دیگر لوگوں نے اسے چھڑایا۔
لوگ بولے۔ بی جے پی کا آدمی
وہیں، وہاں پر موجود لوگوں نے نوجوان کو بی جے پی کا کارکن بتایا اور اسے پکڑ لیا۔ حالانکہ، نوجوان کو پولیس کو سونپ دیا گیا ہے یا پھر اسے وہیں پر رکھا گیا ہے اس کی جانکاری فی الحال نہیں مل سکی ہے۔
#WATCH: Bharatiya Kisan Union spokesperson Rakesh Tikait slaps a person at Ghazipur border (Delhi-Uttar Pradesh). pic.twitter.com/fhRSbdlhgY
— ANI (@ANI) January 28, 2021
ٹکیت بولے۔ میڈیا سے کر رہا تھا بدتمیزی
اس واقعہ کے بعد راکیش ٹکیت نے کہا کہ یہ شخص ہماری تنظیم سے نہیں ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے نوجوان پر الزام لگایا کہ اس کے ہاتھ میں ڈنڈا تھا اور وہ کچھ بھی کر سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا کے ساتھ بدتمیزی کر رہا تھا۔ ٹکیت نے وارننگ دی کہ ایسا کوئی بھی دیگر شخص یہاں پر موجود ہو تو وہ یہاں سے چلا جائے۔
اس سے پہلے راکیش ٹکیت نے غازی پور بارڈر پر شام کو ایک اجلاس سے خطاب کیا اور اشتعال انگیز تقریر کی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سے کوئی گرفتاری نہیں ہو گی۔ اگر کوئی گرفتاری ہو گی تو پتہ نہیں کہ ہمارے ساتھ کیا ہو گا۔ ساتھ ہی انہوں نے ایک بار پھر اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو گولی چل جائے گی اور انتظامیہ ہی اس کی ذمہ دار ہو گی۔