الہ آباد : مغلیہ دور حکومت میں بڑی تعداد میں ہندوؤں کی مقدس مذہبی کتابوں کا فارسی اور اردو میں ترجمہ کیا گیا تھا ۔ خاص طور سے بالمیکی رامائن کا کئی مرتبہ فارسی اور اردو میں ترجمہ کیا گیا ۔ مگر مسلم دور حکومت کے ان عظیم علمی کارناموں سے نئی نسل ابھی تک انجان ہے ۔
اس سمت میںایک قدم بڑھاتے ہوئے یو پی حکومت نے پہلی مرتبہ فارسی اور اردو رامائن نسخوں کو عوام کے سامنے پیش کیا ہے ۔ الہ آباد یونیورسٹی کی نرالا آرٹ گیلری ان دنوں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے ۔ ریاستی حکومت نےفارسی اور اردو میں را مائن کو عوام کے سامنے پیش کیا ہے۔
نمائش میں اکبر باد شاہ کے زمانے سے لے کر منشی نول کشور پریس تک سے شائع ہونے والے رامائن کے فارسی اور اردو کے نادر نسخوں کو پیش کیا گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی نمائش سے نئی نسل میں پائی جانے والی بہت سی غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔
نمائش میں اردو اور فارسی را مائن کے کئی قدیم نسخے پیش کئے گئے ہیں ۔ بعض مخطوطات تاریخی اہمیت کے حامل بھی ہیں ۔خاص طور سے اکبر زمانے میں فارسی رامائن پر بنائی گئی خوبصورت پینٹنگز لوگوں کی توجہ کا مرکز ہے ۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ اس نمائش کے ذریعے نئی نسل کو یہ بھی باور کرانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ اردو اور فارسی صرف مسلمانوں کی زبان نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ان دنوں پورا یو پی فرقہ وارانہ کشیدگی کا شکار ہے ۔ ایسے میں اس طرح کی نمائش سے اکثریتی فرقے میں پائی جانے والی بعض غلط فہمیوں کو بھی دور کرنے مدد ملے گی۔
اسٹیٹ ریکارڈ روم میں ایک ہفتے تک چلنے والی اس نمائش میں صرف اردو اور فارسی را مائن کو ہی پیش کیا گیا ہے ۔ان میں رامائن کے بعض ایسے نسخے بھی شامل ہیں جو پہلی بار عوام کے سامنے لائے گئے ہیں ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔