உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    جنت کےکھل گئےدروازے، جہنم کے دروازے بند اورشیطان قید، ہندوستان میں بھی عبادت وریاضت کا مہینہ شروع

    فائل فوٹو

    فائل فوٹو

    امت مسلمہ اس مبارک اورمقدس مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت کرکےاللہ تبارک و تعالیٰ کی رضا اورخوشنودی حاصل کرنے اورگناہوں سےتوبہ واستغفارکرنےاوراللہ کےحضورسجدہ ریزہوکرخیرکی طلب میں مصروف ہوجاتی ہے۔

    • Share this:
      نئی دہلی: ہندوستان میں عبادت وریاضت کےمہینے کا آغازہوگیا ہے۔ اس بارجنوبی ہندوستان میں ایک ساتھ روزہ کا آغاز ہورہا ہے۔ رمضان المبارک کا روزہ کل سے رکھا جائے گا جبکہ تراویح کی نمازآج شروع ہورہی ہے۔ رمضان کے مبارک اورمقدس مہینے کا آغاز ہوتے ہی جنت کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں جبکہ جہنم کے دروازے بند ہوگئے ہیں اورشیطان قید کردیئےگئے ہیں۔

      مبارک اورمقدس مہینے کا آغاز ہوتے ہی اپنی تمام تر برکتوں رحمتوں اور اللہ تعالیٰ کے بے پناہ انعامات کے ساتھ ہمارے اوپرسایہ فگن ہوجاتا ہے اوراب اس ماہِ مبارک کے مکمل ہونے تک امت مسلمہ زیادہ سے زیادہ عبادت کرکےاللہ تبارک و تعالیٰ کو راضی کرنے، گناہوں سے توبہ واستغفارکرنے اوراللہ کےحضورسجدہ ریزہوکرخیرکی طلب میں مصروف ہوجاتی ہے۔ اس مبارک اورمقدس مہینے کا زبردست اہتمام کیا جاتا ہے اورمسلمان اپنے کاموں کوچھوڑ کر زیادہ سے زیادہ عبادت کرتے ہیں۔ اس مہینے میں روزہ رکھنا، قرآن پاک کی تلاوت کرنا، تراویح کی نمازپڑھنا اورآخری عشرہ میں شب قدرمیں راتوں کوجاگنا اوراعتکاف میں بیٹھنا وہ عبادات ہیں، جس سےمسلمان اللہ رب العالمین کوراضی کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

      حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "جوشخص بحالتِ ایمان ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھتا ہے،اس کے سابقہ گناہ بخش دیئے جاتے ہیں"۔ حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے مروی ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "جب رمضان شروع ہوتا ہے تو آسمان کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں"۔ (ایک  دوسری روایت میں ہے) جنت کے دروازے کھول دیئےجاتے ہیں اورجہنم کے دروازے بند کردیئےجاتے ہیں اورشیطان جکڑ دیئےجاتے ہیں"۔

      واضح رہے کہ گزشتہ روزمختلف رویت ہلال کمیٹیوں کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں چاند نہیں نظرآنے کی تصدیق کی گئی تھی، جس کے بعد اعلان کیا گیا تھا کہ رمضان المبارک 2019 کا پہلا روزہ 7 مئی 2019 بروزمنگل سے رکھا جائے گا جبکہ تراویح کی نماز کا آغازآج 6 مئی بروزپیرسے ہوگا۔  امارت شرعیہ ہند، نئی دہلی، امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ، مرکزی جمعیت اہلحدیث رویت ہلال کمیٹی، نئی دہلی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے صدراورشاہی امام مولانا سید احمد بخاری، مرکزی چاند کمیٹی کےصدر اورامام عید گاہ، لکھنو کے مولانا خالد رشید فرنگی محلی وغیرہ نے پریس ریلیز جاری کرکے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ مختلف شہروں اورعلاقوں میں چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا، لیکن چاند نظرنہیں آیا، اس لئے 6 مئی 2019  کوشعبان کی 30 تاریخ ہوگی اور 7 مئی سے رمضان کا آغاز ہوگا۔
      First published: