ہردوار : يوگا گرو بابا رام دیو کے اداروں میں تنازع تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ پدارتھا فوڈ پارک کے بعد اب پتنجلی آیوروید کالج میں طالب علموں نے انتظامیہ کے خلاف محاذ کھولتے ہوئے کیمپس میں ہی بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔
مشتعل طلبہ نے احتجاج کے دوسرے دن پتنجلی کے گیٹ پر انتظامیہ کا پتلا نذر آتش کرکے مظاہرہ کیا ۔ طالب علموں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ طلبہ کے ساتھ امتیازی سلوک برت رہی ہے اور کورٹ سے جیت حاصل کرکے داخلہ لینے والوں سے دوگنی فیس وصول کی جارہی ہے، جسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کی کالج میں آیو ش کے طالب علموں کے مقابلے سی پی ایم ای کے طلبہ سے دوگنی فیس لی جا رہی ہے، جو سراسر ناانصافی ہے ۔
اس سلسلے میں پرنسپل سے لے کر يوگا گر و بابا رام دیو اور آچاریہ بال کرشنن تک سب سے بات چیت کی جاچکی ہے، لیکن کہیں کوئی سننے کیلئے تیار نہیں ہے۔ طلبہ نے خبردار کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبہ کو تسلیم نہیں کیا جاتا ، تب تک وہ احتجاج کرتے رہیں گے ۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ جان بوجھ کر یہ سب کر رہی ہے تاکہ انہیں کالج سے نکالا جا سکے۔
ادھر کالج کے پرنسپل نے ان الزامات کو سرے سے خارج کردیا ہے ۔ ڈاکٹر ڈی این شرما کا کہنا ہے کہ سب کی فیس ایک جیسی ہے، جسے کچھ طلبہ جمع نہیں کرا رہے ہیں۔ اگر حکومت فیس کم کرنے کے احکامات جاری کرتی ہے تو فیس کم کر دی جائے گی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔