ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

مسلمان دستور ہند کے سب سے بڑے محافظ اور وطن عزیز سے سب سے زیادہ محبت کرنے والی قوم : مولانا محمد رحمانی مدنی

یوم جمہوریہ کی تقریب کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ ہمارے اسلاف نے جو کارہائے نمایاں انجام دیئے اور وطن عزیز کی آزادی کی خاطر اپنی جانوں کا جو نذرانہ پیش کیا اس کو ہم اپنے ذہنوں میں تازہ کریں

  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
مسلمان دستور ہند کے سب سے بڑے محافظ اور وطن عزیز سے سب سے زیادہ محبت کرنے والی قوم :  مولانا محمد رحمانی مدنی
مولانا محمد رحمانی مدنی: فائل فوٹو۔

نئی دہلی: یوم جمہوریہ کی تقریب کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ ہمارے اسلاف نے جو کارہائے نمایاں انجام دیئے اور وطن عزیز کی آزادی کی خاطر اپنی جانوں کا جو نذرانہ پیش کیا اس کو ہم اپنے ذہنوں میں تازہ کریں، اور یہ یاد رکھیں کہ انہوں نے ہمارے لئے یہ قربانیاں اس لئے پیش کیں تاکہ ہم آزاد فضا میں سانس لے سکیں، اسی کے پیش نظر جب ہمیں آزادی ملی تو جو دستور ملک کے لئے بنایا گیا اس میں ہرمذہب وملت کے لوگوں کو اپنے اپنے مذہب پر چلنے کی آزادی عطا کی گئی اور یہ دستور ہند کی خوبی ہے کہ اس میں کسی مذہب سے ٹکراؤ نہیں ہے ۔لہذا ہندوستان میں بسنے والے تمام لوگوں کو چاہئے کہ وہ دستور ہند کو جانیں اور دستور ہند سے متعلق جو کتابیں دستیاب ہیں ان کو پڑھ کرکے اپنی زندگی میں نافذ العمل کریں کیونکہ اسی کے تحت ہمیں یہاں پر شہریت کا حق ملتا ہے، اور یہ نہایت ہی خوش آئند بات ہے کہ آئین ہند کا جتنا اہتمام مسلمان قوم کرتی ہے اتنا کوئی قوم نہیں کرتی اور نہ کرپائیگی کیونکہ مسلمانوں میں اطاعت کا جذبہ زیادہ ہوتا ہے، وہ بغاوت نہیں کرتے ۔ انگریز یہاں سے چلے تو گئے لیکن افسوس ان فسطائی طاقتوں پر ہے جو انگریزوں کے اثرات بد کو قبول کرکے ہندوستان کو مذہب، علاقے، برادری اور غریبی وامیری اور رنگ ونسل کی بنیاد پر تقسیم کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔ایسے میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایسے لوگوں سے نبرد آزما ہوتے ہوئے دستور ہند کی روشنی میں ان کی ظالمانہ کوششوں کو ناکام بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر، نئی دہلی کے صدر عمومی جناب مولانا محمد رحمانی سنابلی مدنی نے سنٹر کے نسواں تعلیمی وتربیتی ادارہ عائشہ صدیقہ شریعت کالج، جوگابائی میں تقریب یوم جمہوریہ کے پروگرام میں کیا۔آپ کے بعد سنٹر کے جنرل سکریٹری مولانا عاشق علی اثری نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ یوم جمہوریہ ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم اصول وآئین کی پاسداری کرتے ہوئے زندگی گزاریں اور اسی طرح اپنی دینی زندگی میں اسلامی اصول وضوابط کی عملی تصویر پیش کریں نیز ہم جس جگہ بھی رہتے ہیں وہاں کے اصول وضوابط کا مکمل پاس ولحاظ رکھیں کیونکہ اسی میں ہماری کامیابی کا راز مضمر ہے۔

ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر، نئی دہلی کے اعلیٰ تعلیمی وتربیتی اداروں جامعہ اسلامیہ سنابل، معہد عثمان بن عفان لتحفیظ وتجوید القرآن الکریم، اور نسواں تعلیمی،تربیتی واقامتی ادارہ عائشہ صدیقہ شریعت کالج اور خدیجہ الکبریٰ گرلز پبلک اسکول ،جوگابائی میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں ادارہ کے ذمہ دارن ،اساتذہ ، طلبہ و طالبات اوردیگر مہمانان گرامی قدرنے شرکت فرمائی ۔نیز جھنڈے پھہرائے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

First published: Jan 25, 2018 10:45 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading