نئی دہلی۔ نریندر مودی حکومت نے تین طلاق پر قانون لا کر مسلم خواتین کو ہراساں ہونے سے بچایا ہے۔ بقول حکومت، حج سفر کو سستا کیا ہے۔ مسلم طالب علموں کے لئے اسکالرشپ جاری کی۔ مسلم طلباء بیرون ملک میں پڑھائی کر سکیں، مفت میں کوچنگ لے سکیں اور کوئی بھی چھوٹا روزگار شروع کر کے اپنی گزر بسر کر سکیں، اس کے لئے مرکزی حکومت کئی مفید منصوبے چلا رہی ہے۔ مسلمانوں کو مودی حکومت کی ان حصولیابیوں کو بتائے گا آر ایس ایس اور موقع ہو گا روزہ افطار کا۔
چاند کی تاریخ کے مطابق، رمضان المبارک کا مہینہ 16 یا 17 مئی سے شروع ہو جائے گا۔ لیکن 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے مدنظر بی جے پی کے لئے یہ مہینہ خاص ہو گا۔ مسلم راشٹریہ منچ کے بینر تلے اس کی تیاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ ذرائع کی مانیں تو منچ رمضان کے دنوں میں جگہ جگہ روزہ افطار کا اہتمام کرے گا۔
روزہ افطار میں بی جے پی کے وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور ایم ایل اے بھی شامل ہوں گے۔ منچ کے سرپرست اندریش کمار بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔ ساتھ ہی روزہ افطار کے بعد وہاں آئے مسلمانوں کے بیچ اس بات کا زور و شور کے ساتھ ذکر کیا جائے گا کہ مودی حکومت نے مسلمانوں کے لئے کیا کیا ہے۔ آر ایس ایس بھی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کے ہمراہ اس کام میں ان کا ساتھ دے گا۔
مسلم راشٹریہ منچ کے یوپی۔ اتراکھنڈ انچارج اسلام عباس نے اس بارے میں بتایا کہ "آنے والے رمضان کے مہینے میں اضلاع کے ساتھ ساتھ دلی میں بھی ایک بڑے روزہ افطار پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس روزہ افطار میں بی جے پی کے وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی بھی حصہ لیں گے۔ لیکن اس سے پہلے کور کمیٹی کی ایک میٹنگ ہوتی ہے۔ اگلے مہینہ وہ میٹنگ ہونی ہے۔ اسی میٹنگ میں طے کیا جائے گا کہ روزہ افطار کے دوران کیا کیا پروگرام ہوں گے۔
ناصر حسین کی رپورٹ سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔