نئی دہلی: ملک میں بڑھتی عدم روا داری کا الزام لگاتے ہوئے ساہتیہ اکاڈمی کا اعزاز لوٹانے والے 39 مصنفین میں سے 35 نے اپنی انعام کی رقم چیک کے ذریعہ اکادمی کو سونپ دی تھی لیکن اکادمی نے ایک بھی چیک اپنے کھاتہ میں جمع نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اکادمی کے سکریٹری شری نواس راؤ نے اکادمی ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں یہ بات کہی۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اب اکادمی انعام پانے والوں سے کوئی تحریری ضمانت بھی لے گی کہ وہ اعزاز واپس نہیں کریں گے ، اس پر مسٹر راؤ نے کہا کہ انعام لوٹانے والے ادیب بھی ہمارے لئے قابل احترام بھی اور وہ ہمارے خاندان کے لوگ ہیں ان سے کوئی حلف نامہ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ساہتیہ اکادمی کا انعام لوٹانے کا نہ تو کوئی نظم ہے اور نہ ہی حلف نامہ کا۔
مسٹر راؤ نے بتایا کہ اب تک 39 ادیبو ں نے ہمیں تحریری طور پر ایوارڈ واپسی کا اطلاع دی ہے اور ان میں سے 35 کے چیک بھی ملے ہیں لیکن ہم نے کوئی چیک اپنے کھاتہ میں جمع نہیں کرایا ہے کیونکہ ہم اس انعام کی رقم کو واپس لینے کے حق میں نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جن ادیبوں کے چیک نہیں ملے ان میں اردو ، آسامی، انگریزی اور بنگلہ کے ایک ایک ادیب ہیں۔ یہ دریافت کئے جانے پر کہ کیا آج عاملہ کی میٹنگ میں انعام لوٹانے کے واقعہ پر کوئی بحث ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ زیر بحث آیا تھا اور یہی فیصلہ کیاگیا کہ کسی بھی مصنف کا چیک قبول نہ کیا جائے کیونکہ وہ ہمارے قابل احترام ادیب ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔