نئی دہلی۔ قومی دارالحکومت دہلی واقع جواہر لال نہرو یونیورسیٹی کے وائس چانسلر جگدیش کمار (JNU VC Jagdish Kumar) کے خلاف بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ مرلی منوہر جوشی نے ٹویٹ کیا ہے۔ جوشی نے ٹویٹ میں جے این یو کے وائس چانسلر پر نشانہ سادھا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر وائس چانسلر حکومت کے فارمولے پر کام نہیں کر سکتے تو انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔
فروغ انسانی وسائل کے سابق وزیر جوشی نے کہا کہ ’’ اطلاعات ہیں کہ فروغ انسانی وسائل کی وزارت نے جے این یو کے وی سی کو دو بار مشورہ دیا تھا کہ وہ جے این یو میں بڑھی ہوئی فیس کے معاملہ کو حل کرنے کے لئے کچھ مناسب اور کام کے فارمولے کو نافذ کریں‘‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’ یہ چونکانے والا ہے کہ وی سی حکومت کی تجویز کو نافذ نہیں کرنے کے لئے بضد ہیں۔ یہ رویہ قابل مذمت ہے اور میری رائے میں ایسے وی سی کو اپنے عہدے پر بنے رہنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے‘۔
وہیں، وزارت برائے فروغ انسانی وسائل نے جمعرات کو کہا کہ جواہر لال نہرو یونیورسیٹی کے وی سی ایم جگدیش کمار کو ہٹانا مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ وزارت کے سکریٹری امت کھرے نے کہا کہ وزارت کے حکام طلبہ کے اس دعوے پر جمعہ کو کمار سے پھر بات کریں گے کہ ترمیم شدہ فیس کو نافذ نہیں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کو ہٹایا جانا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کے حکام کمار سے ملاقات کے بعد جے این یو طلبہ یونین سے بھی بات چیت کریں گے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔