نئی دہلی۔ سپریم کورٹ نے سہارا گروپ کے سربراہ سبرت رائے کے عبوری پے رول میں 16 ستمبر 2016 تک توسیع کردی اور انہیں اس دوران 300 کروڑ روپئے جمع کرنے کی ہدایت دی ۔ مسٹر رائے سیکوریٹیز اینڈ ایکسچنج بورڈ آف انڈیا (سیبی) کے ساتھ ایک طویل تنازعہ کے سلسلے میں عدالت عظمی کے احکامات کی تعمیل نہ کرنے کی وجہ سے چار مارچ 2014 سے تہاڑ جیل میں ہیں۔ رائے کے عبوری پے رول میں توسیع کرتے ہوئے چیف جسٹس تیرتھ سنگھ ٹھاکر کی سربراہی میں قائم جسٹس ارجن کمار سیکری اور جسٹس انل آر دوے پر مشتمل ایک سہ رکنی بنچ نے رائے سے 16 ستمبر 2016 تک 300 کروڑ روپئے جمع کرنے کا حکم دیا۔
رائے کو اس سال 6 مئی کو پے رول پر رہائی کا حکم دیا گیا تھا۔ اس پے رول کی مدت میں 11 مئی کو دو مہینے کی توسیع کی گئی تھی۔ آج رائے کے توسیع شدہ پے رول کا آخری دن تھا۔ سیبی نے الزام لگایا تھا کہ رائے نے مبینہ طور پر 2012 کے سپریم کورٹ کے اس حکم کی تعمیل نہیں کی جس میں انہیں 15 فیصد سود کے ساتھ 20 ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کی رقم سرمایہ کاروں کو واپس کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جو ان کی دو کمپنیوں سہارا انڈیا رئل اسٹیٹ کارپوریشن لمیٹیڈ اور سہارا ہاؤسنگ فائننس کارپوریشن لمیٹیڈ نے او ایف سی ڈی کے ذریعہ 2007 اور 2008 میں وصول کئے تھے۔
اس سال 6 مئی کو رائے کو سپریم کورٹ سے اپنی والدہ کی آخری رسومات ادا کرنے کیلئے 4 ہفتہ کا حراستی پے رول ملا تھا۔ رائے کی والدہ 3 سال کی طویل علالت کے بعد اس سال چھ مئی کو 95 سال کی عمر میں لکھنؤ میں انتقال کرگئی تھیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔