جموں: جموں وکشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز نے اتوار کے روز دارالحکومت سری نگر کے مضافاتی علاقہ حیدرپورہ میں واقع حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی گیلانی کی رہائش گاہ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کرکے مسٹر گیلانی کی طرف سے بلائی گئی پریس کانفرنس کو ناکام بنادیا۔ حریت چیئرمین مذکورہ پریس کانفرنس میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے عائدہ کردہ الزامات پر بات کرنے والے تھے۔ حریت کے ایک ترجمان نے کہا ’مسٹر گیلانی نے این آئی اے کی طرف سے عائد کردہ الزامات اور بھارتی میڈیا کی جانب سے اس پروپیگنڈاکی تشہیر کے خلاف آج حیدرپورہ میں ایک پریس کانفرنس بلائی تھی، تاکہ دنیا کو اصل حقیقت سے واقف کرایا جاسکے، مگر پولیس اور انتظامیہ نے بھارت سے حق وفاداری ادا کرتے ہوئے اس پریس کانفرنس کو ناکام بنایا‘۔ انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس کو ناکام بنانے کے لئے مسٹر گیلانی کی رہائش گاہ کو چاروں طرف سے سیل کردیا گیا اور مین روڑ پر پریس سے وابستہ افراد کو زبردستی روکا گیا تاکہ وہ پریس کانفرنس میں شامل نہ ہوسکیں۔ حریت کانفرنس نے پولیس کی اس کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پولیس اور انتظامیہ بھی چاہتی ہے کہ لوگ اصل صورتحال سے باخبر نہ ہوں اور بھارت کویہاں کی مسلمہ قیادت کی کردار کُشی کرنے کا موقع فراہم ہو۔ ترجمان نے کہا ’اگر بھارت یہاں کی حریت پسند قیادت کے خلاف زہر اُگل رہی ہے تو ہمارا بھی یہ حق بنتا ہے کہ ہم ان تمام بے بنیاد الزامات کو ردّ کردیں، مگر پولیس اور انتظامیہ نے اس پریس کانفرنس پر روک لگا کر اپنے دہلی کے آقاؤں کی داد حاصل کرنے کی کوشش کی ہے‘۔ دریں اثنا حریت کانفرنس (گ) کی طرف سے جاری ایک اخباری بیان میں قومی میڈیا اور حکمرانوں کی طرف سے علیحدگی پسند قائدین کی مبینہ کردار کشی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’ بھارت گزشتہ 70برسوں سے ان اوچھے ہتھکنڈوں کو آزماتا آیا ہے۔ بھارت نے یہاں کی قیادت کے خلاف مختلف حربے اختیار کئے‘۔بیان میں کہا گیا کہ حریت چیرمین مسٹر گیلانی کے خلاف بھارت روزِ اول سے ہی منفی پروپیگنڈا کرتا آیا ہے، کیونکہ جموں کشمیر کے عوام نے اپنے قائد پر آج تک جو اعتماد دیا انہوں نے اس پر کھرا اُترنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔