اساتذہ بچوں کے ساتھ والدین کی طرح صلہ رحمی کے ساتھ پیش آئیں تاکہ ان کی بہترین اور مناسب طریقے سے تربیت کرسکیں۔ اساتذہ اگربچوں کے ساتھ سختی کا رویہ اپنائیں گے تو پھروہ خوف کے سبب دوستانہ ماحول میں تعلیم حاصل نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہار اترپردیش کے ضلع بلرام پورمیں ضلعی جمعیت اہلحدیث کے زیراہتمام منعقدہ "تعلیمی وتربیتی ٹیچرٹریننگ" پروگرام میں سعودی عرب سےتشریف لائے معروف عالم دین مولانا منصوراحمد مدنی نے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔
مولانا منصوراحمد مدنی نے کہا کہ مدارس کے ذمہ داران کو چاہئے کہ وہ اساتذہ کے ساتھ بہترماحول بنائیں تاکہ وہ تمام معاملات میں خوش رہیں۔ اس کے بعد انہیں یہ احساس ہوگا کہ یہ بچے ہماری امانت ہیں۔ انہوں نے یہ بتایا کہ اساتذہ کا طلبا کے ساتھ ان کا اخلاق کیسا ہواوروہ کیسی زبان کا استعمال کریں۔ انہوں نے حضورپاک صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق کی مثال پیش کرتے ہوئے طلبا کی نظرمیں اساتذہ کوبہترمثال بننے کی تلقین کی۔
مہمان خصوصی مولانا نیاز احمد مدنی، استاد جامعہ محمدیہ منصورہ، مالیگاوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ کو طلبا کے ساتھ مارپیٹ سے پوری طرح سے پرہیزکرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول یا مدرسہ خوشگوارجگہ پرہونا چاہئے، تاکہ وہاں کی فضا طلبا کے موافق ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کا نظام اوراساتذہ کا اخلاق ایسا ہونا چاہئے کہ طلبا جب مدرسے میں پہنچیں توپھروہ گھروالوں کو بھول جائیں۔ مولانا نیازمدنی نے کہا کہ مدرسے میں بچوں کے لئے کھیلنے کا انتظام ہونا چاہئے۔ اسی طرح گارجین بھی اساتذہ کی مدد کریں، تاکہ وہ ان کے بچوں کو صحیح طریقے سے سنوارسکیں۔
اس موقع پرضلعی جمعیت اہلحدیث کے ناظم مولانا زبیراحمد مدنی نے ضلعی جمعیت اہلحدیث کا تعارف پیش کرتے ہوئے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ اس اجلاس کے کنوینر عقیل احمد خان گنا چیئرمین تلسی پورنے بھی اساتذہ اورطلبا کے درمیان بہترین رشتہ اوربہترفضابنانے پرزوردیا۔ ڈاکٹرنوراللہ خان، مولانا جمال اثری، نظامت کے فرائض انجام دینے والے مولانا عبیدالرحمن سلفی نے اپنے تاثرات پیش کئے۔
اس ٹیچرٹریننگ پروگرام میں 70 مدارس کے تقریباً 140 اساتذہ نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ یہ ٹیچرٹریننگ پروگرام اس علاقے کا پہلا منفرد پروگرام تھا، جس میں مکاتب کے اساتذہ کی تربیت کے لئے منعقد کیا گیا۔ جمعیت کے عہدیداران نے کہا کہ اب جمعیت کی جانب سے ہرسال اس طرح کا ٹریننگ کیمپ منعقد کیا جائے گا تاکہ ہم اساتذہ کی تربیت کرسکیں۔ اس موقع پرمرکز النجاح التعلیمی والخیری، بالا پور کے صدرمدرس مولانا فیروزاحمد سراجی، مولانا اسحاق احمد سراجی، حافظ محمد اقبال عثمانی، مدرسۃ الہدیٰ کے صدرمدرس مولانا وسیم احمد اثری وغیرہ خصوصی طورپرموجود رہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔