نئی دہلی : انٹلیجنس بیورو کی جانب سے آج مهاشیوراتری کے موقع پر دہشت گردانہ حملے کی خفیہ اطلاع ملنے کے ساتھ ہی دہلی سمیت پورے قومی راجدھانی خطہ میں سکیورٹی بندوبست بڑھا دیا گیا ہے۔ کئی اہم تنصیبات کے ساتھ ہی بازاروں ، مندروں اور بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر بڑی تعداد میں پولس دستے کی تعیناتی کی گئی هے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چپے چپے کی سخت نگرانی رکھی جا رہی ہے۔
دہلی میں قانون کی ذمہ داری سنبھالنے والے جوائنٹ پولس کمشنر دیپک مشرا نے بتایا کہ گجرات پولس کی جانب سے یہ خفیہ اطلاع ملنے کے بعد کہ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ اور جیش محمد کے 10 مشتبہ دہشت گرد گجرات کی سرحد سے ملک میں داخل ہوئے ہیں اور ان کا دہلی میں بھی دہشت گرد انہ حملے کا ارادہ ہے، دہلی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے مانیسر میں واقع نیشنل سکیورٹی گارڈ (این ایس جی) کے دفتر میں اضافی نفری کو تعینات رکھا گیا ہے۔ شہر میں گشتی پولس ٹیموں کو تمام ضروری ہتھیار مہیا کرائے گئے ہیں تاکہ کسی بھی حملے کی صورت میں وہ اپنا دفاع کرنے کے ساتھ ہی عوامی جان و مال کے نقصان کو بھی روک سکیں۔ مندروں میں شیوراتری پر خاصی بھیڑ بھاڑ کو دیکھتے ہوئے وہاں خاص چوکسی رکھی جا رہی ہے۔
دہلی کے تمام پولس کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ مشتبہ دہشت گردانہ رابطوں والے عناصر پر خصوصی نظر رکھیں اور مذہبی مقامات، بس اڈوں، میٹرو اسٹیشنوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر سکیورٹی کا پختہ انتظام کو یقینی بنائیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔