ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

بجٹ 2020: ’پرعزم ہندوستان، اقتصادی ترقی، حساس سماج کی روح پر مرکوز بجٹ‘

وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت کو باضابطہ بنانے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں اور جی ایس ٹی بھی انہی میں سے ایک ہے۔

  • UNI
  • Last Updated: Feb 01, 2020 01:16 PM IST
  • Share this:
بجٹ 2020: ’پرعزم ہندوستان، اقتصادی ترقی، حساس سماج کی روح پر مرکوز بجٹ‘
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن پارلیمنٹ میں بجٹ 2020 پیش کرنے کے دوران

نئی دہلی۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ہندوستان کو دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بتاتے ہوئے آج کہا کہ ہماری معیشت کی بنیاد مضبوط ہے اور 2020-21 کا بجٹ پرعزم ہندوستان ، اقتصادی ترقی اور حساس سماج کی روح پر مرکوز ہے ۔ سیتا رمن نے مودی حکومت کے دوسرے دور میں اپنا دوسرا بجٹ پیش کرتے ہوئے آنجہانی ارون جیٹلی کو گڈز اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کا فنکار اور معمار بتاتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی سے ملک کی معیشت مربوط ہوئی ہے اور اس سے انسپکٹر راج ختم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سادہ جی ایس ٹی ریٹرن عمل آئندہ اپریل سے لاگو کیا جائے گا۔ جی ایس ٹی کے تحت صارفین کو ایک لاکھ کروڑ روپئے کے فائدے دیئے گئے ہیں۔ مختلف مصنوعات پر جی ایس ٹی میں کمی کئے جانے سے ہر خاندان کو ماہانہ اخراجات میں چار فیصد کی بچت ہوئی ہے۔ جی ایس ٹی کے نفاذ سے 16 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان جڑے ہیں۔



انہوں نے کہا کہ معیشت کو باضابطہ بنانے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں اور جی ایس ٹی بھی انہی میں سے ایک ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ 27 کروڑ 10 لاکھ لوگوں کو غربت کی لکیر سے اوپر اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے قرض میں قابل ذکر کمی آئی ہے اور یہ مارچ 2014 کے 52.5 فیصد سے مارچ 2019 میں گھٹ کر 48.7 فیصد پر آ گیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی اہم پالیسیوں کو لاگو کرنے والی ریاستوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ تمام ہم وطنوں کی زندگی کو آسان بنانے کی منشا ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو پرعزم معیشت بنانے کے لئے 16 نکات نشان زد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے سال 2022 تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے حکومت کے وعدے کو دوہراتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔’پردھان منتری اورجا سرکشا ایوم اتھان مہا ابھیان‘سے 20 لاکھ کسانوں کو شمسی توانائی سے پمپ لگانے میں مدد دی جائے گی۔ جلد خراب ہونے والی زرعی مصنوعات کی نقل و حمل کے لئے ’کسان ریل‘شرو ع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زراعت کے لئے نابارڈ 2020-21 میں 15 لاکھ کروڑ کا قرض دے گا۔

وزیر خزانہ نے زراعت اور دیہی ترقی کے لئے 2.83 لاکھ کروڑ مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے لئے 69 ہزار کروڑ روپے، سوچھ بھارت مشن کے لئے 12 ہزار 300 کروڑ روپے ، تعلیم کے لئے 99 ہزار 300 کروڑروپے، مہارت کی ترقی کے لئے 3000 کروڑ روپے، قومی کپڑا مشن کیلئے 1080 کروڑ روپے اور صنعتوں کی ترقی اور فروغ کے لئے 27 ہزار 300 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
First published: Feb 01, 2020 01:05 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading