نئی دہلی : پٹرول ڈیزل کی قیمتوں کے آسمان چھونے سے ملک بھر میں لوگوں کی ناراضگی کے درمیان حکومت نے آج کہا کہ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اس مسئلے کا طویل مدتی حل نکالا جا رہا ہے۔ قانون و انصاف کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کہا کہ ڈیزل اور پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے سلسلہ میں حکومت فکر مند ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے حکومت کا کنٹرول مودی حکومت نے نہیں ہٹایا تھا اور اس کے بعد سے تیل کمپنیاں ہی اس کا تعین کر رہی ہیں۔ اس کے بعد سے، پیٹرول کی قیمتیں کئی بار کم ہوئیں ۔ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر سرکار اس مسئلہ کا طویل مدتی حل پر تبادلہ خیال کر رہی ہے اور اس سے متعلق فیصلے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ انتظار کیجئے اور حکومت اس کا حل نکالے گی اور تمام خدشات دور کئے جائیں گے۔
قانون و انصاف کے وزیر نے ساتھ ہی کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ پٹرول اور ڈیزل پر لگنے والے تمام ٹیکس سے ملنے والا پیسہ ملک کی ترقی میں لگایا جا رہا ہے۔ اس پیسے سے ہائی ویز،ایمس ، ڈیجیٹل منصوبہ بندی اور دیگر ڈھانچہ جاتی ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں اور اسے لے کر لوگوں میں زبردست ناراضگی ہے۔ راجدھانی دہلی میں آج پٹرول 30 پیسے اور مہنگا ہوکر 77 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گیا جبکہ وہیں ممبئی میں دام 85 روپے فی لیٹر کو چھو گیا۔
چار بڑے میٹروشہروں میں پٹرول کی سب سے زیادہ قیمت ممبئی میں ہے۔ ممبئی میں پیٹرول کی قیمت 22 پیسے فی لیٹر بڑھ کر 84.99 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ یہاں ڈیزل بھی سب سے مہنگا 72.76 روپے ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔