نئی دہلی۔ اتر پردیش انتخابات کے لیے بی جے پی نے کسی بھی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا۔ اس مسئلے پر پہلی بار وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے خاموشی توڑتے ہوئے بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو یوپی الیکشن کے لئے مسلم امیدوار کو ٹکٹ دینا چاہئے تھا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے انٹرویو میں راج ناتھ سنگھ نے کہا، "ہم نے کئی دوسری ریاستوں میں اقلیتوں کو ٹکٹ دیئے ہیں۔ یوپی میں بھی اقلیتوں کو ٹکٹ دینے کی بات چلی تھی۔ میں وہاں نہیں تھا لیکن یہ بات مجھے پتہ چلی ہے۔ شاید بی جے پی پارلیمانی بورڈ کو کوئی جیت درج کرنے کے قابل اقلیتی امیدوار نہیں ملا۔ لیکن میرا خیال ہے کہ مسلم کو ٹکٹ دیا جانا چاہیے تھا۔ "
مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیئے جانے کے سوال پر زور دینے پر مرکزی وزیر داخلہ نے جواب دیا، "مسلم امیدوار کو ٹکٹ دیئے جانے چاہئیں تھے۔ جو بھی قابل ہیں انہیں ضرور ملنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا، "شاید ریاستی کمیٹی کو کوئی قابل امیدوار نہیں ملا۔ لیکن اگر کوئی مسلم امیدوار ہوتا تو ہمارا نقصان نہیں کرتا۔ ہم اس بات پر توجہ دیں گے کہ اقلیتی امیدوار تیار کئے جائیں۔
واضح رہے کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے کسی بھی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہ دینے پر کئی سوال اٹھے تھے۔ اس پر پارٹی کی طرف سے یہ بیان دیا گیا تھا کہ امیدواروں کو ٹکٹ ذات و مذہب دیکھ کر نہیں بلکہ قابلیت دیکھ کر دیے گئے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔