اتر پردیش سے حج 2019 کے مقدس سفر پرروانہ ہونے والے عازمین کا انتخاب آج قرعہ اندازی کے ذریعہ کر لیا گیا۔ لکھنئو کے علی میاں میموریل حج ہاوس میں منعقد کی گئی تقریبِ قرعہ اندازی کا افتتاح وزیر کابینہ لکشمی نرائن چودھری اوروزیر برائے حج محسن رضا نے کیا۔
اتر پردیش کےان عازمین کو منتخب کرلیاگیا جو اس سال حج کے مبارک سفر پرروانہ ہوں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے اس باراترپردیش کوآبادی کے تناسب سے کل 27682 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا جبکہ اتر پردیش کے مختلف اضلاع سے کل 34397 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
اتر پردیش کے75 اضلاع میں سے تقریبا 64 اضلاع ایسے ہیں جن کے تمام عازمین منتخب ہوچکے ہیں جبکہ باقی گیارہ اضلاع کےعازمین کے انتخاب کے لئے قرعہ کا استعمال کیا گیا ہے۔ اترپردیش کے 4160 عازمین کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔
خاص بات یہ بھی ہے کہ باقی ریاستوں کی بچی ہوئی نشستوں میں سے 2555 نشستیں بھی اتر پردیش کو ملی ہیں۔ علمائے کرام اورعازمین کی موجودگی میں قرعہ اندازی کی رسم مذکورہ وزیروں نے ادا کی۔ اس موقع پر یہ وضاحت بھی کی گئی کہ ہرسال حج کے انتظامات کو بہتر بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
طارق قمرکی رپورٹ
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔