ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

اردواکادمی دہلی کے زیراہتمام 18-2017 سالانہ ایوارڈ تقریب، منیش سسودیا نےکہا 'ادب زندگی کا سلیقہ سکھاتا ہے'۔

اردواکادمی کے وائس چیئرمین پروفیسرشہپررسول نےکہا کہ اردو اکادمی ادب وادب کی حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے۔ دہلی حکومت نے یہاں 15 زبانوں کی اکادمیاں قائم کی ہیں۔ ملک کی تمام زبانوں کی اکادمیاں ہمیں قائم کرنی ہیں۔

  • Share this:
اردواکادمی دہلی کے زیراہتمام 18-2017 سالانہ ایوارڈ تقریب، منیش سسودیا نےکہا 'ادب زندگی کا سلیقہ سکھاتا ہے'۔
اردو اکادمی ایوارڈ یافتگان نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا کے ساتھ۔

نئی دہلی: دہلی کے نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے کہا کہ دراصل یہ ایوارڈ ادیبوں کی خدمات کا اعتراف ہے، ادب زندگی کا سلیقہ سکھاتا ہے۔ میں تمام ایوارڈ یافتگان ادیبوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ سب نے اردو اکادمی کا ایوارڈ قبول کیا۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ تمام زبانوں بشمول اردوکے فروغ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں اورمدرسوں میں اسناد کے حصول کےلئے تعلیم دی جاتی ہے، مگرادب زندگی کا سلیقہ سکھاتی ہے۔ آپ سب نے اردوکی ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں جس کا اعتراف ہمارا فرض ہے۔


دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا اردواکادمی، دہلی کے زیراہتمام سالانہ ایوارڈ تقریب برائے 18-2017 کا انعقاد آڈیٹوریم، دہلی سکریٹریٹ میں منعقدہ تقریب کوبطورمہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس پروگرام میں استقبالیہ تقریرکرتے ہوئےاردواکادمی کے وائس چیئرمین پروفیسرشہپررسول نےکہا کہ اردو اکادمی ادب وادب کی حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے۔ دہلی حکومت نے یہاں 15 زبانوں کی اکادمیاں قائم کی ہیں۔ ملک کی تمام زبانوں کی اکادمیاں ہمیں قائم کرنی ہیں۔


پروفیسر شہپررسول نے کہا کہ اردو اکادمی ہرسال ادیبوں کی خدمت میں ایوارڈ پیش کرتی ہے۔ قلم گوید کہ من شاہ جہانم، یہ پروگرام قلمکاروں کاجشن ہے، ادیبوں نے اپنی عمرکا بڑا حصہ ادب کی بیش بہا خدمات میں صرف کی ہیں ۔ادب کی مختلف شاخیں ہیں ،ان کی خدمات کااعتراف کرنا اردو اکادمی کا فرض ہے۔


اس موقع پراردواکادمی کے سکریٹری ایس ایم علی نے کہاکہ نائب وزیراعلی، تمام ایوارڈیافتگان اورحاضرین وسامعین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب اردو اکادمی کے پروگراموں میں خوش دلی کے ساتھ شرکت کرتے ہیں۔ دہلی کے وزیراعلی اورنائب وزیراعلی کے بھی شکرگزارہیں کہ وہ اردوکے فروغ کے لئے کمربستہ اورعہد بستہ ہیں، اردواکادمی کے تمام پروگراموں کو سراہتے ہیں اورشریک بھی ہوتے ہیں۔ اس پروگرام کی نظامت اطہر سعید اورریشما فاروقی نے کی۔
اس سے قبل اکادمی کے وائس چیئرمین پروفیسرشہپررسول نے نائب وزیراعلی کا استقبال گلدستہ پیش کرکے کیا اور نائب وزیراعلی نے تمام ایوارڈ یافتگان کو گلدستہ پیش کیا۔ واضح  رہے کہ سالانہ ایوارڈ تقریب میں کل ہندبہادرشاہ ظفرایوارڈ معروف ادیب مجتبی حسین کودیا گیا۔ اس ایوارڈ کی رقم ڈیڑھ لاکھ روپئے ہے، پنڈت برجموہن دتاتریہ کیفی ایوارڈ ڈاکٹر فیروزدہلوی کی خدمت میں پیش کیا گیا، اس ایوارڈ کی رقم بھی رقم ڈیڑھ لاکھ روپئے ہے۔ایوارڈ برائے تحقیق وتنقید پروفیسرحنیف کیفی کو، ایوارڈ برائے تخلیقی نثرڈاکٹر خالد جاوید کو، ایوارڈ برائے شاعری پروفیسرخالد محمود، ایوارڈ برائے صحافت منصورآغا، ایوارڈ برائے ترجمہ نگاری عبدالنصیب خان اورایوارڈ برائے ڈراما ڈاکٹرایم سعید عالم کوپیش کیا گیا۔ ان ایوارڈ کی رقم 50-50 ہزارروپئے ہے۔ تمام ایوارڈ یافتگان کی خدمت میں نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے شال، سند، مومنٹواورنقدانعامات سے نوازا۔
First published: Feb 13, 2019 09:15 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading