உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    الہ آباد نیشنل میوزیم میں موجود ہے فردوسی کے شاہ نامہ کا نادر نسخہ

    الہ آباد نیشنل میوزیم میں موجود ہے فردوسی کے شاہ نامہ کا نادر نسخہ

    الہ آباد نیشنل میوزیم میں موجود ہے فردوسی کے شاہ نامہ کا نادر نسخہ

    میوزیم کے کیوریٹر ڈاکٹر راجیش مشرا کا کہنا ہے کہ الہ آباد نیشنل میوزیم نے فردوسی کے شاہ نامے کو اب ایک نئی شان کے ساتھ عوام کے سامنے پیش کیا ہے ۔

    • Share this:
    الہ آباد : عظیم شاعرابو القاسم فردوسی طوسی کا شاہ نامہ فارسی ادب کا شاہکار تصور کیا جاتا ہے ۔ فردوسی کے شاہ نامہ کے مختلف قلمی نسخے ملک  کی ممتازلائبریریوں اورعجائب گھروں میں محفوظ ہیں ۔ لیکن الہ آباد نیشنل میوزیم میں شاہ نامہ کا ایک ایسا قدیم نسخہ موجود ہے ، جو تاریخی اعتبار سے کافی اہم تصورکیا جا تا ہے ۔ اس نادر نسخے کو سونے کی روشنائی سے لکھا گیا ہے اور اس پر دکنی اسٹائل کی نہایت خوبصورت پینٹنگز بھی موجود ہیں ۔

    الہ آباد نیشنل میوزیم کا شمار ملک کے چار بڑے قومی میوزیموں میں ہوتا ہے ۔ الہ آباد میوزیم میں دیگر نودارت کی طرح بڑی تعداد میں عربی فارسی کے قدیم مخطوطات کا ذخیرہ بھی موجود ہے ۔ ان مخطوطات میں فردوسی کے شاہ نامہ کوایک خاص اہمیت حاصل ہے ۔ یہ نسخہ کئی جاگیرداروں اور نوابوں کے ذاتی کتب خانوں کی زینت رہ چکا ہے ۔ چھ سو برس پرانے شاہ نامے کے نسخے کو الہ آباد میوزیم نے اب ڈیجیٹلائزڈ کر دیا ہے ۔ تاکہ فنون لطیفہ اور فارسی ادب پر تحقیق کرنے والے افراد تک یہ نادر نسخہ آسانی سے دستیاب ہو سکے ۔

    میوزیم کے کیوریٹر ڈاکٹر راجیش مشرا کا کہنا ہے کہ الہ آباد نیشنل میوزیم نے فردوسی کے  شاہ نامے کو اب ایک نئی شان کے ساتھ عوام کے سامنے پیش کیا ہے ۔ تقریباً دو ہزار صفحات پر مشتمل شاہ نامہ کا یہ ضخیم نسخہ تاریخی اعتبار سے بہت اہم ہے ۔ اس نسخے کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ یہ ابھی تک مکمل اور بالکل درست حالت میں موجود ہے ۔ اس کے علاوہ نسخے کی قابل ذکر خصوصیت یہ ہے کہ اس کے بعض صفحات کو سونے کی روشنائی سے مزین کیا گیا ہے ۔ چوں کہ  فردوسی کا شاہ نامہ ایران کی قدیم رزمیہ داستان پر مشتمل ہے ۔ اس اعتبار سے پورے شاہ نامہ کی داستان کے کرداروں کو پینٹنگز کے ذریعے نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیاہے ۔

    میوزیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ نامے کے مصور نسخے تو کئی بڑی لائبریریوں میں ملتے ہیں ، لیکن دکنی پینٹنگز سے مزین یہ اپنے طریقے کا اکیلا نسخہ ہے ، جو شمالی ہند میں موجود ہے ۔ الہ آباد میوزیم نے پورے شاہ نامے کا ڈیجیٹلائزیشن کردیا ہے ۔ میوزیم کا کہنا ہے کہ شاہ نامہ کی ماسٹر پینٹنگز اور اس کی خطاطی کے اہم اجزا کو الگ سے آن لائن کر دیا جائے گا ۔ تاکہ فارسی ادب کی اس شاہکار وراثت سے عوام  اور محققین براہ راست استفادہ کر سکیں ۔
    Published by:Imtiyaz Saqibe
    First published: