ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

قربانی سے متعلق پولیس کی منمانی کارروائی پر جمعیت علما ہند کا شدید رد عمل کا اظہار

جمعیت علما ہند کے صدر مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری نے ملک کے مختلف حصوں بالخصوص اترپردیش میں قربانی کو لے کر ضلع پولس انتظامیہ کے ذریعہ من مانے احکامات پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہے ۔

  • Share this:
قربانی سے متعلق پولیس کی منمانی کارروائی پر جمعیت علما ہند کا شدید رد عمل کا اظہار
قربانی سے متعلق پولیس کی منمانی کارروائی پر جمعیت علما ہند کا شدید رد عمل کا اظہار

جمعیت علما ہند کے صدر مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری نے ملک کے مختلف حصوں بالخصوص اترپردیش میں قربانی کو لے کر ضلع پولس انتظامیہ کے ذریعہ من مانے احکامات پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہے اور متنبہ کیا ہے کہ قربانی شعائر اسلام میں شامل ہے، اس میں کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی نہ کی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ جمعیت علما ہند کو تحریری طور پر اترپردیش کے مختلف علاقوں سے شکایتیں ملی ہیں کہ پولس جانوروں کو پکڑ کر لے جارہی ہے ۔ نیز بہرائچ ، غازی پور ، غازی آباد وغیرہ میں ضلع انتظامیہ نے بڑے جانوروں کی قربانی پر روک لگادی ہے، اس کے علاوہ ملک کے دوسرے حصے میں بھی اس طرح پریشانیاں کھڑی کی جارہی ہیں ۔ سوال یہ ہے کہ آخر پولس نے کس قانون کے تحت بڑے جانوروں پر پابندی عائد کی ہے اور یہ کس کے اشارے پر کررہی ہے؟ ۔


اس سلسلے میں پولس کے ذریعہ ظلم و بربریت اور کھلے عام قانون کا مذاق بنائے جانے سے عوام میں سخت بے چینی اور غصہ پایا جاتا ہے ۔ ہم  پولس کی اس طرح کی زیادتیوں کی سخت مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکاریں ان چیزوں پر روک لگائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مسلمان سہولت کے ساتھ قربانی جیسے شعائر اسلام کو ادا کرسکیں ۔


صدر جمعیت علما ہند نے کہا کہ سوشل ڈسٹنسگ اور قربانی سے متعلق جو سرکار نے گائیڈ لائن جاری کی ہے ، اس پر عوام عمل پیرا ہیں ۔ مسلم قائدین اور ادارے اس سے متعلق لوگوں کو مسلسل بیدار کررہے ہیں ۔ جہاں تک گائیڈ لائنس کی بات ہے تو اس میں کہیں بھی بڑے جانور کی قربانی پر پابندی نہیں ہے ۔ اگر پولس انتظامیہ اس سے بڑھ کر کسی کے مذہبی معاملات میں مداخلت کرتی ہے اور من مرضی کے احکامات تھوپتی ہے ، تو اس کے نتائج غلط اور منفی ہوں گے ۔


صدر جمعیت علما ہند نے متنبہ کیا ہے کہ اگر حکومت نے بروقت قدم نہیں اٹھایا تو ملک میں بدامنی اور فساد کی صورت حال پیدا ہو جائے گی اور اس کی ذمہ دار صرف اور صرف حکومت ہوگی ۔ انھوں نے جمعیت علما ہند کے کارکنان اور ذمہ دار وں کو بھی متوجہ کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ اگر ان کے علاقہ میں قربانی کو لے کر کوئی پریشانی ہوتی ہے ، یا پولیس زیادتی کرتی ہے ، تو آپ تحریر اً اس کی اطلاع دفتر جمعیت علما ہند کو دیں ۔ تا کہ جمعیۃ علما ہند سرکار اور متعلقہ افسران سے مل کر اس مسئلے کو حل کرانے کی کوشش کی جاسکے۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jul 29, 2020 05:09 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading