ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

مرادآباد : ڈی جے بند کرانے سے ناراض دبنگوں نے سب انسپکٹر اور کونسلر کی جم کر پٹائی کی ، چار گرفتار

Moradabad News: ہولی کے جشن میں تیز آواز میں ڈی جے بجا رہے لوگوں کو سمجھانے کیلئے پولیس پہنچی تھی ۔ واقعہ کے بعد ہنگامہ مچانے والے چار دبنگ ملزمین کی گرفتاری کرکے دیگر کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔

  • Share this:
مرادآباد : ڈی جے بند کرانے سے ناراض دبنگوں نے سب انسپکٹر اور کونسلر کی جم کر پٹائی کی ، چار گرفتار
ڈی جے بند کرانے سے ناراض دبنگوں نے سب انسپکٹر اور کونسلر کی جم کر پٹائی کی ، چار گرفتار

مرادآباد : اترپردیش کے مرادآباد ضلع کے تھانہ کٹگھر علاقہ کے پیتل نگری پولیس چوکی کے گاوں بلدیوپوری میں دبنگوں کے حوصلے اتنے بلند ہیں کہ انہوں نے پیر کو دیر رات ایک سب انسپکٹر کو روک کر بری طرح سے پٹائی کرکے انہیں لہولہان کردیا ۔ وہیں سب انسپکٹر کو بچانے آئے مقامی کونسلر کو بھی دبنگوں نے سنگین طور پر زخمی کردیا ۔ دیر رات ہولی کے جشن میں تیز آواز میں ڈی جے بجا رہے لوگوں کو پولیس سمجھانے کیلئے پہنچی تھی ، جس کے بعد دبنگوں نے پولیس کے آنے پر ڈی جے تو بند کردیا تھا ، لیکن علاقہ کے دبنگ لوگوں کو یہ شک تھا کہ کونسلر کے فون کرنے پر ہی پولیس نے آکر ڈی جے بند کرایا ہے ۔


الزام ہے کہ دبنگوں نے کونسلر کو فون کر چوکی میں آگ لگانے تک کی دھمکی دے ڈالی ، جس کے بعد مقامی کونسلر نے واقعہ کی جانکاری کوتوالی کٹگھر پولیس کو دینے کے ساتھ ہی مرادآباد پولیس کے اعلی افسران کو دیدی تھی ۔ اسی دوران ادھر سے گزر رہے کوتوالی کٹگھر میں تعینات سب انسپکٹر پشپیندر سنگھ اپنی ڈیوٹی ختم کرکے گھر جارہے تھے ، تبھی شراب کے نشے میں مدہوش دبنگوں نے سب انسپکٹر کو روک لیا اور ان کی جم کر پٹائی کرنے کے ساتھ ہی سب انسپکٹر کی بائیک بھی توڑ دی ۔


کونسلر نے جب دبنگوں سے سب انسپکٹر کو بچانے کی کوشش کی تو ان کی بھی جم کر پٹائی کردی گئی ۔ مار پیٹ میں دونوں لوگوں کو سنگین چوٹیں آئی ہیں ، جن کو فورا علاج کیلئے ضلع اسپتال لے جایا گیا ، جہاں زخمیوں کا علاج کرکے انہیں ان کے گھر بھیج دیا گیا ہے ۔ کوتوالی کٹگھر پولیس نے واقعہ کے بعد ہنگامہ مچانے والے چار دبنگوں کی گرفتار کرکے دیگر کی تلاش شروع کردی ہے ۔ سب انسپکٹر سے مارپیٹ کا پورا واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا ہے ۔


واقعہ کے بعد سب انسپکٹر پشپیندر سنگھ نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی ڈیوٹی روز کی طرح ختم کرکے اپنے گھر جارہے تھے ۔ اسی درمیان کچھ نامعلوم لوگوں نے انہیں گھیر لیا اور ان کی جم کر پٹائی کردی ، جس میں انہیں کافی چوٹیں آئی ہیں ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Mar 30, 2021 08:36 AM IST