لکھنئو کی انٹیگرل یونیورسٹی میں آئندہ دس ، گیارہ اور بارہ مارچ کو فیسٹا ۲۰۲۳ کا انعقاد کیا جارہا ہے ہے جس میں یونیورسٹی کے سبھی شعبوں کے طلبا و طالبات مختلف کھیلوں میں شریک ہوکر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے اس سالانہ فیسٹامیں ہاکی ،فٹبال ،کرکٹ ،بیڈمنٹن ،ہینڈ بال باسکٹ بال ،شطرنج ،رننگ ،جمپنگ اور دیگر اہم کھیلوں کے ساتھ ساتھ اس بار قدیم روایتی اور علاقائی کھیل اور تہذیبی و ثقافتی پروگرام بھی بھی بڑے پیمانے پر منظم کیے جارہے ہیں اور انہیں اعلیٰ معیار پر جدید وسائل اور سازوسامان کے ساتھ منظم کیا جارہا ہے جس کا ابتدائی کوالی فائنگ مرحلہ یونیورسٹی میں شروع کردیا گیا ہے یونیورسٹی کے بانی و چانسلر پروفیسر سید وسیم اختر سے جب ہمارے نمائندے نے کھیل اور اس کے امتزاجی تعلق سے بات کی تو انہوں نے نہایت روشن اور معنی خیز جواب دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا مقصد ایک ہمہ جہت شخصیت کی تشکیل کرنا ہوتا ہے۔
تعلیم میں جسمانی تعلیم کی اہمیت ہر دور میں مسلمہ رہی ہے۔معیاری تعلیم کے لئے جسم اور دماغ کی نشوو نماکو لازمی تصور کیاگیا ہے۔جسمانی ورزش اور کھیل کو د سے احتراز کی وجہ سے کئی جسمانی اور ذہنی عوارض جنم لینے لگتے ہیں۔ تعلیم کا مقصد صرف دانشمندی کا حصول نہیں ہے بلکہ زندگی کے مسائل کا سامنا کرنے کے لئے اچھی صحت اور تندرست جسم کی تیار ی بھی ہے انہوں نے یہ بھی کہا کہ کھیل کود کے اصول قواعد اور ضابطے بچوں میں اصول اور قوانین کے احترام کا جذبہ پیدا کر تے ہیں ۔ کھیل کود قانون کا احترام کرنے والے بہترین شہریوں کی تیاری میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ کھیل کے میدان طلباء میں انفرادیت پر اجتماعیت کو فوقیت دینے کی تعلیم دیتے ہیں ایثار و قربانی کا یہ جذبہ ملک و قوم کی ترقی کے لئے نہایت اہم ہوتا ہےاسی لئے طلبا و طالبات کی زندگی میں کھیلوں کی اہمیت انمول ہے کیونکہ کھیل ہر انسان کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لئے بہت ضروری ہوتا ہے۔
اسپورٹس ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ظفر کہتے ہیں کہ بانی و چانسلر اور پروچانسلر اور وائس چانسلر کی ہدایات کے پیش نظر انٹیگرل یونیورسٹی میں کھیلوں کو کافی اہمیت دی جاتی ہے تاکہ بچوں کی بہترین نشوونما ہو اور انہیں زندگی کی تمام مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے تیار کیا جا سکے۔ اس سے ان کی ذہنی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ کھیل نہ صرف ہماری جسمانی طاقت کو بڑھاتے ہیں اور ہمیں تندرست رکھتے ہیں بلکہ یہ ہماری مجموعی شخصیت کی تعمیر و تشکیل کے لیے بھی بہت کچھ کرتے ہیں۔ یہ کردار سازی، قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے اور اہداف کے تعین کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں بھی مدد کرتے ہیں۔ ایک شخص جو باقاعدگی سے کھیلوں کی سرگرمیوں میں زیادہ مشغول رہتا ہے تو اس کی خود اعتمادی اور سماجی میل جول میں کافی اضافہ ہوتا ہے اور یوں اسے اپنی زندگی میں مثبت طور پر ترقی کرنے میں کافی مدد ملتی ہے۔
ان اوصاف کی وجہ سے وہ نہ صرف اپنی ذات کو مستفیض کر تا ہے بلکہ ہر گھڑی دوسروں کی مدد کے لئے بھی تیار رہتا ہے۔کھیل بچوں میں اخلاقیات، نظم و ضبط اور باہمی و اشتراکی امداد کے جذبوں کو پروان چڑھاتے ہیں کھیلوں کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بآسانی لگایا جا سکتا ہے کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے مختلف مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں اور کھلاڑی اپنی قوم کے فخر کے لیے ان مقابلوں میں اپنے ممالک کی نمائندگی کرتے ہیں۔انٹیگرل یونیورسٹی بھی اسی مقصد کے تحت یہاں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی ہمہ جہت ترقی کے لئے ان کی تمام بنیادی ضروریات بھی پوری کرتی ہے اور انہیں بہترین سہولیات بھی فراہم کرتی ہے تاکہ وہ ہر سطح پر بہترین نمائندگی کرکے اپنی ریاست ، ملک اور ادارے کا نام روشن کریں اور نہایت روشن، مثالی اور کامیاب زندگی گزاریں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔