ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

حکومت کے غیر دستوری رویوں کے خلاف ہوگا احتجاج : مجلس علماء ہند

مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری معروف عالم دین مولانا کلب جواد نے کہا کہ کافی عرصے سے ہمارے لوگ یہ محسوس کررہے ہیں کہ ان کے آئینی دستوری سماجی اور مذہبی حقوق نہیں مل رہے ہیں ۔

  • Share this:
حکومت کے غیر دستوری رویوں کے خلاف ہوگا احتجاج : مجلس علماء ہند
حکومت کے غیر دستوری رویوں کے خلاف ہوگا احتجاج : مجلس علماء ہند

لکھنئو: مجلس علماء ہند اور وقف بچاو تحریک کے سربراہوں اور محرکوں کے مطابق حکومت اتر پردیش کے رویے عوام مخالف ہیں ۔ اتر پردیش میں ایک مخصوص طبقے کے ساتھ ہر سطح پر زیادتیاں کی جارہی ہیں اور ان کے دستوری و جمہوری حقوق بھی پامال کئے جارہے ہیں ۔ مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری معروف عالم دین مولانا کلب جواد نے کہا کہ  کافی عرصے سے ہمارے لوگ یہ محسوس کررہے ہیں کہ ان کے آئینی دستوری سماجی اور مذہبی حقوق نہیں مل رہے ہیں ۔ امام بارگاہیں مذہبی عقیدت و احترام کے پیش نظر عزاداری و عبادات کے لئے تعمیر کرائی گئی تھیں ، یہ مقدس مقامات ہماری عقیدتوں کے مراکز ہیں ، تفریح گاہیں نہیں، لیکن حکومت کے افسران ، حسین آباد ٹرسٹ کے ذمہ داران اور ضلع انتظامیہ کے افسران نے تاریخی امام باڑوں میں عزاداری اور مذہبی تقریبات کی اجازت نہیں دی اور لکھنئو کے تاریخی آصفی امام باڑے کو سیاحوں کے لئے کھول دیا ، جس سے حکومت کی آمدنی ایک پھر شروع ہوسکے ۔ لکھنئو کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ امام باڑوں میں کورونا کے ضابطوں کے ساتھ بھی مجالس کی اجازت نہیں دی گئی ۔ واضح رہے کہ محرم کے عشرے میں بھی چھوٹے اور بڑے امام باڑوں سمیت کئی امام باڑوں میں مجالس نہیں ہوسکیں ۔


وقف بچاو تحریک کے روح رواں شمیل شمسی کہتے ہیں کہ اگر عزاداری کی اجازت نہیں دی گئی تو امام باڑوں کے گیٹ پر لکھنئو کے لوگ تالے لگائیں گے ، سڑکوں پر اتریں گے اور احتجاج کریں گے ۔




یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ چند روز پہلے ہی ملک و مودی کے لئے جان دینے سے متعلقہ بیان پر مولانا کلب جواد  پر کچھ لوگوں نے تنقید کی تھی ۔ مولانا کے مطابق ہم اپنے دستوری ، جمہوری اور مذہبی حقوق کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے ۔

ادھر معروف سماجی کارکن اور پریشر گروپ آف مائنارٹیز  کے صدر سید بلال نورانی کہتے ہیں کسی بھی تحریک کی کامیابی کے لئے مستقل مزاجی اور دیانت داری سے کام  کرنے کی ضرورت ہے ۔ عجیب بات یہ ہے کہ مولانا کلب جواد کے بیانات کبھی اہل اقتدار کی تعریف میں آتے ہیں تو کبھی یہ کہا جاتا ہے کہ حکومت ہمارے ساتھ مسلسل ظلم  کر رہی ہے ۔ متضاد  بیانات سے لوگ بد ظن بھی ہوتے ہیں اور ان پر حکومت بھی دھیان نہیں دیتی ۔ پریشر گروپ وقف سے متعلقہ ہر تحریک میں عوام کے ساتھ ہے اور وقف خوروں کو سزا دلوانے کے لیے کوشاں ہے ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Sep 25, 2020 09:34 AM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading