نئی دہلی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر بلرام جاکھڑ کی آج یہاں موت ہوگئی۔ وہ 92 سال کے تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ لوک سبھا کے سابق اسپیکر ڈاکٹر جاکھڑ برین ہیمریج کے سبب ایک سال سے علیل تھے۔ گزشتہ ماہ سےوہ سانس سے متعلق مختلف امراض میں بھی مبتلا تھے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر جاکھڑ کی موت آج صبح سات بجے ان کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ ان کے جسدخاکی کو پنجاب کے شہر ابوہر لے جایا جا رہا ہے جہاں ان کے آبائی گاؤں پنچ کوسی میں کل صبح آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
ڈاکٹر جاکھڑ کی پیدائش پنجاب کے فضلیکا ضلع میں 23 اگست 1923 کو ہوئی تھی لیکن ان کا خاندان بنیادی طور پرراجستھان کا رہنے والا تھا۔ وہ 1980 سے 1989 تک لوک سبھا کے اسپیکر رہے تھے۔ وہ مدھیہ پردیش کے گورنر بھی رہے تھے۔وہ سال 1991 میں پی وی نرسمہا راؤ کابینہ میں مرکزی وزیر زراعت تھے۔ پہلی بار وہ 1972 میں پنجاب اسمبلی کے لئے منتخب ہوکر آئے تھے۔
وہ 1980 میں ساتویں لوک سبھا کے لئے فیروز پورپنجاب سے الیکشن جیتے تھے۔ڈاکٹر جاکھڑ ایک مقبول لیڈر تھے۔ اپوزیشن بھی ان کی تعریف کرتے تھے۔انہوں نے لاہور کے فورمین عیسائی کالج سے 1945 میں سنسکرت میں ڈگری حاصل کی تھی۔ انہیں انگریزی، پنجابی، اردو، سنسکرت اور ہندی زبانوں پر عبور حاصل تھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر سونیا گاندھی نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔