نئی دہلی: ملک کے آئندہ نائب صدر کیلئے آج ووٹنگ ہوگی۔ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے امیدوار ایم ونکیا نائڈو کی جیت تقریباً طے ہے۔ الیکشن میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ممبران پارلیمنٹ حصہ لیں گے۔ ووٹنگ بیلٹ پیپروں کے ذریعہ صبح 10 بجے شروع ہوگی اور شام پانچ بجے تک چلے گی۔ اس کے بعد ووٹوں کی گنتی ہوگی اور شام سات بجے تک نتیجہ آ جانے کی امید ہے۔ اپوزیشن نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے پوتے گوپال کرشن گاندھی کو مشترکہ امیدوار بنایا ہے۔
حکمراں این ڈی اے کے ممبران پارلیمنٹ کی تعداد کے پیش نظر مسٹر نائیڈو کی جیت یقینی ہے۔ لوک سبھا میں این ڈی کی پوری اکثریت ہے۔ لوک سبھا کی 545 سیٹوں میں سے دو سیٹ خالی ہیں۔ بی جے پی کی 281 اور این ڈی اے کی کُل ملا کر 338 سیٹیں ہیں۔ بی جے پی کے بہار کے سہسرام سے ممبر پارلیمنٹ چھیدی پاسوان عدالتی فیصلے کے سبب ووٹ نہیں دے پائیں گے۔ ایوان بالا میں حکمراں پارٹی کو اکثریت حاصل نہیں ہے۔
راجیہ سبھا میں کُل 245 سیٹیں ہیں جن میں دو خالی ہیں۔ بی جے پی نے کل ہی کانگریس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے راجیہ سبھا میں 58 سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی کا مقام حاصل کیا ہے۔ کانگریس کے 57 ممبران پارلیمنٹ ہیں۔ حالانکہ راجیہ سبھا میں این ڈی اے کے پاس اکثریت نہیں ہے لیکن لوک سبھا میں اس کے اراکین کی تعداد کے مدنظر مسٹر نائیڈو کی جیت میں کسی طرح کا کوئی شک نہیں ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔