نئی دہلی۔ نائب صدر کے انتخاب کے لئے آج 785رائے دہندگان میں سے 771نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور اس طرح مجموعی طورپر 98.21فیصد پولنگ ہوئی۔ اس الیکشن کے لئے پولنگ صبح دس بجے شروع ہوئی تھی اور شام پانچ بجے ختم ہوئی ۔ نائب صدر کے الیکشن کے اسسٹنٹ رٹرننگ افسر مکل پانڈے نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سنسد بھون میں بنائے گئے پولنگ مرکز پر 785اراکین میں سے 771نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی شام چھ بجے شروع ہوگی اور کچھ دیر بعد نتیجہ کا اعلان کردیا جائے گا۔
وزیراعظم نریندر مودی، این ڈی اے کے نائب صدر کے عہدے کے امیدوار اور راجیہ سبھا رکن ایم وینکیا نائیڈو، پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار اور اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ابتدائی دور میں ووٹ ڈالنے والوں میں شامل تھے۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور ایچ ڈی دیوے گوڑا، بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی، مرلی منوہر جوشی، وزیر خارجہ سشما سوراج، وزیر قانون روی شنکر پرساد، وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان، راجیہ سبھا کے نامزد رکن سچن تندولکر ، اداکارہ ریکھا، میری کوم، راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر جے پرکاش نارائن یادو، لوک جن شکتی پارٹی کے رام چندر پاسوان، نیشنل کانفرنس (این سی) کے رہنما فاروق عبداللہ بھی ووٹ ڈالنے والے اہم لیڈروں میں شامل تھے۔ اراکین کو ووٹ ڈالنے کے لئے ایک خصوصی قلم دیا گیا تھا۔ صدارتی انتخابات کی طرح نائب صدر انتخابات میں بھی خفیہ ووٹنگ کی وجہ سے اس میں پارٹیوں کی جانب سے اراکین کو وہپ جاری نہیں کیا گیا۔ انتخابات میں 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار فاتح مانا جاتا ہے۔ دونوں ایوانوں میں کل ملا کر اراکین کی تعداد 790 ہے لیکن کچھ سیٹیں خالی ہونے کی وجہ سے نائب صدر کے کولیجیم کے ارکان کی تعداد 785 رہ گئی تھی۔
نائب صدارتی انتخابات میں مسٹر نائیڈو کا مقابلہ 18 اپوزیشن پارٹیوں کے امیدوار مسٹر گوپال کرشن گاندھی سے ہے۔ مسٹر نائیڈو طویل عرصہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی سے منسلک کر رہے ہیں اور مرکز میں وزیر اور بی جے پی کے صدر بھی رہے ہیں جبکہ مسٹر گاندھی مغربی بنگال کے گورنر رہ چکے ہیں اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کے پوتے ہیں۔ نائب صدر انتخابات میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین کے ساتھ ساتھ نامزد رکن بھی ووٹ ڈالتے ہیں۔ یہ الیکشن تناسبی نمائندگی نظام کی بنیاد پر خفیہ بیلٹ سے ہوتا ہے۔ اس بار نائب صدر کے انتخابات میں اراکین کو نوٹا یعنی کسی کو بھی ووٹ نہیں دینے کا اختیار بھی دیا گیا تھا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔