دہلی : انسانی جان اللہ تعالیٰ کی امانت ہے اس کو ضائع کرنا حرام ہے اور حالات سے مجبور ہوکر خو د کشی کرلینا بڑا گناہ ہے لیکن اس سے بھی بڑا گناہ یہ ہے کہ اوروں کو ختم کرنے کے لیے کوئی اپنی جان کو ہلاک کردے۔ شراب و خون خرابہ اور گندگی اور آلودگی سے ملک و انسانیت کو بچانا ہمارا فرض ہے۔وطن سے محبت مومن کا شیوہ او انسانی فطرت ہے۔ ان حقائق کا اظہار مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے کیا۔ موصوف مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے زیرا ہتمام رام لیلا میدان میں قیام امن عالم و تحفظ انسانیت کے عنوان پر منعقد چونتیسویں آل انڈیا اہل حدیث کانفرنس کے دوسرے دن بھرے مجمع سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ظلم و زیادتی اور حق تلفی و ناانصافی جرم ہے لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ اس کے خاتمے کے لیے تشدد اور پر تشدد احتجاجات کا راستہ اختیا رکیا جائے۔ اسلام امن کا پیغامبر ہے وہ امن وقانون کو ہاتھ میں لینے کی کبھی بھی اجازت نہیں دیتا۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند اسلام کی اس روشن تعلیمات پر گامزن ہے کہ حکمرانوں کی اطاعت کی جائے۔ وہ ظالم حکومت کے خلاف بھی مظاہرے اور خروج کو خلاف دین و شریعت تصور کرتی ہے۔
ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالجبار فریوائی سابق پروفیسر امام محمد بن سعود اسلامک یونیورسٹی ریاض نے اپنے صدارتی خطاب میں مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے ذمہ داران خصوصا امیر محترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و شانتی کی اہمیت ہر دور میں مسلّم ہے اور امن کی بات کرنا اور اس کو پھیلانے کی کوشش کرنا پوری ملت اور انسانیت کے مفاد میں ہے۔ اس حوالے سے ہر شخص کو اپنا کردار نبھاتے رہنا چاہئے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے قوم وملت اور انسانیت کو چراغ دکھانے کا کام کیا۔ یہ کانفرنس قیام امن عالم وتحفظ انسانیت کے سلسلہ میں سنگ میل ثابت ہوگی۔
ناظم اجلاس مولانا محمد ہارون سنابلی ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے کہا کہ دہشت گردی ملک وانسانیت کے لیے بڑا خطرہ اور ترقی کی راہ کا سب سے بڑا روڑا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند ہمیشہ دہشت گردی اور داعش سمیت دہشت گرد تنظیموں کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ مولانا شمیم احمد ندوی ناظم اعلیٰ جامعہ سرالعلوم جھنڈا نگر نیپال نے قیام امن عالم وتحفظ انسانیت کے عنوان پر یہ کانفرنس مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے نمایاں کارناموں میں سے ایک اہم کارنامہ ہے۔ قرآن وحدیث میں امن وامان کی بڑی اہمیت ہے۔ جماعت اہل حدیث اسی کی مناد ہے۔
ممبر پارلیمنٹ علی انور نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی اور اس کانفرنس کے موضوع کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا کی حالات خوش کن نہیں ہے۔ اعلیٰ اخلاق وکردار کے ذریعہ حالات کو درست کیا جاسکتا ہے۔ معروف رکن آل انڈیامسلم پرسنل لا ء بورڈ کمال فاروقی نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی ملک و ملت اور انسانیت کے حوالے سے قابل تعریف کردار نبھا رہے ہیں اور جب تک وہ موجود ہیں ملک و ملت کا نقصان نہیں ہوسکتا۔ یہ کانفرنس بہت اہم موضوع پر منعقد ہوئی ہے اور مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ملک وملت کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں وہ ہمیشہ سے فکر منداور کوشاں رہتی ہے اس کے لیے میں ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
معروف دھرم گرو پنڈت این کے شرما نے کہا کہ امن کی ضرورت صرف مسلمانوں اور دلتوں کو ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو ہے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم صرف مسلمانوں کے ہی کے پیغمبر نہیں ہیں بلکہ ہم سب کے دھرم گرو اور قابل احترام ہیں۔ مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی قابل مبارکباد ہیں کہ انہوں نے ایسے عنوان پر جو کہ وقت کی اشد ضرورت ہے ، کانفرنس منعقد کی اور اس میں داعش و دہشت گردی کے خلاف فتویٰ جاری کیا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔