اخلاق کے قتل پر سیاست تیز ، اعظم خان نے کہا :پنچایت انتخابات سے قبل بڑے پیمانے پر قتل عام کرانا چاہتی ہے بی جے پی

میرٹھ : اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا کے جارچہ کوتوالی علاقے میں مبینہ طور پر گائے کا گوشت رکھنے کے الزام میں 50 سالہ اخلاق کا منصوبہ بند طریقے سے مشتعل بھیڑ کے ذریعہ قتل کردئے جانے کے واقعہ پر سیاست تیز ہونے لگی ہے۔

Oct 01, 2015 06:20 PM IST | Updated on: Oct 01, 2015 06:20 PM IST
اخلاق کے قتل پر سیاست تیز ، اعظم خان نے کہا :پنچایت انتخابات سے قبل بڑے پیمانے پر قتل عام کرانا چاہتی ہے بی جے پی

میرٹھ : اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا کے جارچہ کوتوالی علاقے میں مبینہ طور پر گائے کا گوشت رکھنے کے الزام میں 50 سالہ اخلاق کا منصوبہ بند طریقے سے مشتعل بھیڑ کے ذریعہ قتل کردئے جانے کے واقعہ پر سیاست تیز ہونے لگی ہے۔ جہاں ایک طرف مرکزی وزیر مہیش شرما نے اس کو ایک حادثہ قرار دیا ، وہیں سماج وادی پارٹی کی قدآور لیڈر اعظم خان نے بی جے پی پر تیکھا حملہ بولتے ہوئے کہا کہ بی جے پی 2017 کے پنچایت انتخابات سے پہلے ریاست میں بڑے پیمانے پر قتل عام کرانا چاہتی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر سیاسی پارٹیوں نے بھی بیان بازی کا سلسلہ شروع کردیاہے۔ مایا وتی نے اس کیلئے ریاستی سرکار کو ذمہ دار ٹھہرایا تو عام آدمی پارٹی نے اس کو لے کر وزیر اعظم مودی پر نشانہ سادھا ہے۔ جبکہ بی جے پی کے لیڈر سنگیت سوم نے اس کا الزام ایس پی حکومت پر تھوپ دیا۔

رامپور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اعظم خاں نے کہا ہے کہ بی جے پی 2017 کے انتخابات سے پہلے بڑے پیمانے پر قتل عام کرانے کی کوشش میں ہے۔ بی جے پی ایسا اس اس لئے چاہتی ہے کیونکہ مظفرنگر فسادات کا ان کا تجربہ کامیاب رہا ہے۔ اعظم خاں نے کہا کہ اگر انہیں اصل بہادری دکھانی ہے تو گوا، پڈوچیري اور ناگالینڈ جائیں جہاں دکانوں پر کھلے عام گوشت فروخت ہوتا ہے۔ کسی کمزور اور تنہا مسلمان کو مار ڈالنے سے بڑی نامردی کچھ نہیں ہو سکتی۔ یہ پاکستان نہ جانے کی سزا ہی تو ہے۔

اعظم خان نے وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کو عدم تشدد کا پیغام دے رہے ہیں، جبکہ ان کے دامن سے 2002 کے گجرات فسادات کے داغ اب بھی نہیں مٹے ہیں ۔ اعظم خان نے وزیر اعظم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کی حرکتیں نہ کروائیں اور اپنے کارکنوں کو روکیں۔

اعظم خان نے کہا کہ یہ کہاں کی انسانیت ہے کہ صرف ایک افواہ کی بنیاد پر کسی کا قتل کردیا جائے۔ اعظم خاں نے اس پورے معاملے پر مقامی پولیس اور انتظامیہ کی بھی تنقید کی ۔ انہوں نے نوئیڈا کی پولیس اور ڈی ایم کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ لوگ رکشہ پر لاؤڈ اسپیکر سے لوگوں کو بھڑکاتے رہے اور ڈی ایم نے نوٹس نہیں لیا۔

Loading...

آر ایس ایس اور بی جے پی سے زیادہ قصوروار یوپی حکومت: مایا وتی

ادھر اخلاق کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے ریاستی حکومت پر جم کر حملہ بولا۔ مایاوتی نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی سے زیادہ قصوروار یوپی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکھلیش کے راج میں ریاست میں قانون و انتظام کی صورتحال انتہائی بدتر ہو گئی ہے۔ ریاستی حکومت جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کر رہی ہے، جس سے ریاست کے حالات خراب ہوگئے ہیں ۔ مایاوتی نے اخلاق کے قتل کو ضلع انتظامیہ اور پولیس کی ناکامی قرار دیا ۔

بی جے پی یوپی کو کمیونل لیباریٹری کی طرح استعمال کر رہی ہے: کانگریس

کانگریس کے لیڈر آر پی این سنگھ نے کہا کہ بی جے پی یوپی کو کمیونل لیباریٹری کی طرح استعمال کر رہی ہے۔ مظفرنگر فسادات کو ایس پی اور بی جے پی دونوں نے اپنے سیاسی فائدے کے لئے استعمال کیا تھا، یہ بات سامنے آچکی ہے۔ بی جے پی کی اصلی سیاست ترقی پرنہیں بلکہ فرقہ پرستی پر مبنی ہے۔ کانگریس کے ترجمان م افضل نے کہا کہ مہیش شرما ایسے بیانات کیوں دے رہے ہیں۔ ایسے بیانات سے ایسا کرنے والوں کو حوصلہ ملتا ہے۔

اسد الدین اویسی نے جمہوریت پر داغ قرار دیا

مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اور حیدرآباد سے ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے اسے جمہوریت پر داغ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 'جس شخص کو مارا گیا، اس کا بیٹا ایئر فورس میں ہے۔ ثقافتی وزیر کو اس کی مذمت کرنی چاہئے تھی۔ وزیر اعظم ایسے واقعہ کی مذمت کریں۔ اویسی نے ریاستی حکومت کو نشانے پر لیا اور کہا کہ ریاست میں ہمارے پاس ایس پی حکومت کے طور پر نامرد حکومت ہے۔ وہ گوشت کی جانچ کر رہی ہے۔

عام آدمی پارٹی نے انتہائی سنگین معاملہ بتایا

عام آدمی پارٹی کے ترجمان آشوتوش نے اس معاملے کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی سنگین واقعہ ہے۔ مودی سلیکن ویلی جاتے ہیں، لیکن وزیر اعظم کے گھر سے چند کلومیٹر دور ایک شخص کو مار دیا جاتا ہے اور ان کے کابینی وزیر اس کا دفاع کرتے ہیں۔ یہ کون سا نظریہ ہے۔

اہل خانہ کا سی بی آئی جانچ کا مطالبہ

دریں اثنا مشتعل بھیڑ کے حملے میں جان گنوانے والے اخلاق کی ماں نے میڈیا سے کہا کہ 'ہمیں فی الحال ایک مکان میں شفٹ کر دیا جائے کیونکہ ہم گاؤں میں نہیں رہ پائیں گے۔ حکومت ہماری دوسری بچی کا علاج کرائے۔ ساتھ ہی اہل خانہ ' نے معاملے کی سی بی آئی سے جانچ کا مطالبہ بھی کیا ۔

علاقہ میں کسی کو بھی پنچایت کی اجازت نہیں : ڈی ایم

نوئیڈا کے ڈی ایم این پی سنگھ نے کہا کہ گاؤں بساڑا میں دو جانچ چل رہی ہے۔ گاؤں میں قتل اور لاٹھی چارج کے معاملہ کی جانچ بھی کی جارہی ہے۔ علاقے میں کسی کو بھی پنچایت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے سخت لہجہ میں کہا کہ جو لوگ ماحول بگاڑنے کی کوشش کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مجسٹریٹ جانچ کا حکم دیدیا گیا ہے۔

خوفزدہ مسلم کنبے نقل مکانی پرمجبور

منصوبہ بند طریقے سے مشتعل بھیڑ کے ذریعہ 50 سالہ اخلاق کے قتل کے بعد پورے گاوں میں سناٹا چھایا ہو ا ہے اور کشیدگی کا ماحول ہے ۔ بہت سارے خوفزدہ مسلم کنبے گھربار چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ دکانیں اور بازار بھی بند ہیں۔

وزارت داخلہ نے یوپی حکومت سے رپورٹ طلب کی

اس درمیان دادری معاملے پر وزارت داخلہ نے یوپی حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔ وزارت داخلہ نے پوچھا ہے کہ ریاستی حکومت بتائے کن حالات میں یہ واقعہ پیش آیا ۔

Loading...