میں نے راہل گاندھی سے کبھی ملاقات نہیں کی : للت مودی

آئی پی ایل کے سابق سربراہ للت مودی نے کہا ہے کہ انہیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے کبھی کوئی سمن نہیں ملا ہے

Aug 12, 2015 09:24 PM IST | Updated on: Aug 12, 2015 09:24 PM IST
میں نے راہل گاندھی سے کبھی ملاقات نہیں کی : للت مودی

نئی دہلی : آئی پی ایل کے سابق سربراہ للت مودی نے کہا ہے کہ انہیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ  کی طرف سے کبھی کوئی سمن نہیں ملا ہے ۔ انہوں نے پیسوں میں خرد برد کے الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیا ہے ۔

ایک پرائیویٹ چینل کو دیے  اپنے انٹرویو میں للت مودی نے راہل سے ملاقات کی  اپنی بات سے یو ٹرن لیتے ہوئے کہا کہ ان کی راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا سے کبھی کوئی ملاقات نہیں ہوئی ۔ للت مودی نے جولائی میں ٹوئیٹ کیا تھا کہ آئی پی ایل کمشنر رہنے کے دوران انہوں نے راہل گاندھی اور رابرٹ واڈرا کو فائدہ پہنچایا تھا ۔

للت مودی نے کہا کہ یہ مکمل تنازعہ میرے ارد گرد گھوم رہا ہے ، میرے خلاف کوئی معاملہ نہیں ہے ۔ مجھے ای ڈی کی جانب  سے آج کی تاریخ تک کوئی سمن نہیں ملا ہے ۔ مجھے بتایا گیا کہ سمن ای میل کے ذریعہ بھیجا گیا ہے لیکن مجھے تو کوئی ای میل نہیں ملا ۔

للت مودی نے کہا کہ یہ الزام کہ میں نے ورلڈ اسپورٹ گروپ (ڈبليوایس جی) سے پیسہ لیا تھا، بیکار کی بات ہے ۔ یہ معاہدہ  سونی اور ڈبليوایس جی کے درمیان ہوا تھا ،  میرا اس سے کوئی لینا دینا نہیں تھا ، ان لوگوں نے مجھے پریشان کرنے کے لئے ایک بے بنیاد بات گڑھ لی ہے ۔

Loading...

انہوں نے کہا کہ مجھے انٹرپول سے ایک لیٹر ملا ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ میرے خلاف کوئی ریڈکارنر نوٹس جاری نہیں کیا جائے گا اور مجھے اپنی بات رکھنے دی جائے گی ۔  انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 دنوں سے پارلیمنٹ میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس سے واضح ہے کہ پورا معاملہ سیاست پر مبنی ہے ۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا وہ راہل اور پرینکا سے ملے تھے ، جیسا کہ انہوں نے ٹوئیٹ کیا تھا تو اس کے جواب میں للت مودی نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ میں راہل یا پرینکا سے ملا تھا ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ہندوستان آکر اپنی بات کیوں نہیں رکھتے ہیں ، تو مودی نے کہا کہ میری جان کو انڈر ورلڈ سے خطرہ ہے ۔ میں اپنی سیکورٹی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتا ۔

Loading...