گیتا کے بعد سلمان کو بھی ہندستان واپس لانے کا نظم کیا جائے گا: سشما سوراج

نئی دہلی : دخترہند گیتا کو وطن واپس لانے کے بعد حکومت ہند اب پاکستان میں موجود سلمان کو بھی ہندستان لانے کا نظم کرے گی جس کے والدین یہاں ہندستان میں ہیں۔

Oct 26, 2015 05:17 PM IST | Updated on: Oct 26, 2015 05:17 PM IST
گیتا کے بعد سلمان کو بھی ہندستان واپس لانے کا نظم کیا جائے گا: سشما سوراج

نئی دہلی : دخترہند گیتا کو وطن واپس لانے کے بعد حکومت ہند اب پاکستان میں موجود سلمان کو بھی ہندستان لانے کا نظم کرے گی جس کے والدین یہاں ہندستان میں ہیں۔اس یقین دہانی کے ساتھ آج وزیر خارجہ سشما سوراج نے وزارت خارجہ میں کراچی سے دہلی لائی جانے والی ہندستانی لڑکی گیتااور سرحد پار مادرانہ شفقت کے ساتھ اس کی حفاظت کرنے والی بلقیس ایدھی کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کے عوامی پہلو کو سیاست سے بالاتر رکھنے پر زور دیا۔

محترمہ سوراج نے بتا یا کہ کہ اگرچہ گیتا یہاں پہنچنے پر بہار کی سہرسہ نشیں اس فیملی کو نہیں پہچان سکی ہے جس کی تصویر کراچی میں دیکھ کر اس نے ایسے تاثرات دئیے تھے کہ جیسے وہ اپنے ماں باپ کوپہچان رہی ہے، اس سلسلے میں بہر حال ڈی این اے تصدیق کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا، تب تک گیتا اندور کے ایک مرکز میں رہے گی۔

محترمہ سوراج نے گیتا کی واپسی کو ایک خوشگوار موقع قرار دیتے ہوئے ہند پاک تعلقات کے حوالے سے سیاسی سوالوں کا کوئی جواب نہیں دیا البتہ یہ پوچھے جانے پر کہ پاکستان میں گیتا کی موجودگی کا پتہ تو 2011 میں ہی چل گیا تھا، اس کے باوجود اتنی تاخیر کیوں ہوئی،محترمہ نے بس اتنا کہنے پر اکتفا کیا کہ ان کی حکومت 2014 میں قائم ہوئی ہے۔

انہوں نے گیتا کی کراچی میں موجودگی کی تصدیق سے اس کی واپسی تک حکومت پاکستان کے مسلسل تعاون کولائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عبدالستا ر ایدھی اور ان کی اہلیہ بلقیس بانو کی بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے گیتا ،اس کے مذہب اوراس کے کھانے پینے کے مذہبی تقاضوں کا بھر پورپاس رکھا ۔

Loading...

پاکستان سے ہندستان آنے کے خواہش مند سلمان کے بارے میں انہوں نے بتا یا کہ سلمان کے علیگڑھ نشیں والدین نے مبینہ طور پر سلمان کو کم عمری میں پاکستان میں نانی کے پاس چھوڑ دیا تھا ۔ نانی کے انتقال کے بعد سلمان ہندستان آنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح اور بھی معاملات ہیں جنہیں سلجھانے کی کوشش کی جائے گی۔

Loading...