ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

سی اے اے کا ہندو اور مسلم سے کچھ لینا دینا نہیں ، حراستی کیمپ کو لے کر پھیلا جارہا ہے سفید جھوٹ : رام لیلا میدان میں وزیر اعظم کے خطاب کی 10 اہم باتیں

وزیر اعظم مودی نے سی اے اے پر جاری ہنگامہ پر کہا کہ یہ قانون ملک کے ہندو اور مسلمانوں کیلئے نہیں ہے ۔ ہندوستان کے 130 کروڑ لوگوں کا اس قانون سے کچھ لینا دینا نہیں ہے ۔

  • Share this:
سی اے اے کا ہندو اور مسلم سے کچھ لینا دینا نہیں ، حراستی کیمپ کو لے کر پھیلا جارہا ہے سفید جھوٹ : رام لیلا میدان میں وزیر اعظم کے خطاب کی 10 اہم باتیں
سی اے اے کا ہندو اور مسلم سے کچھ لینا دینا نہیں ، حراستی کیمپ کو لے کر پھیلا جارہا ہے سفید جھوٹ : رام لیلا میدان میں وزیر اعظم کے خطاب کی 10 اہم باتیں

شہریت ترمیمی قانون کو لے کر ملک بھر میں ہورہے احتجاج کے درمیان وزیر اعظم مودی نے دہلی کے رام لیلا میدان میں ریلی کو خطاب کیا ۔ اس دوران وزیر اعظم مودی نے سی اے اے پر جاری ہنگامہ پر کہا کہ یہ قانون ملک کے ہندو اور مسلمانوں کیلئے نہیں ہے ۔ ہندوستان کے 130 کروڑ لوگوں کا اس قانون سے کچھ لینا دینا نہیں ہے ۔ وزیر اعظم نے احتجاج کے دوران تشدد اور آتش زنی پر کہا کہ میرا پتلا جلا لو ، لیکن ملک کی جائیداد مت جلاو ، پولیس پر حملہ مت کرو ، پولیس عوام کی دشمن نہیں ہے ۔


وزیر اعظم مودی کے خطاب کی 10 اہم باتیں :۔


وزیر اعظم مودی نے کہا : شہریت ترمیمی قانون ہندوستان کے کسی شہری کیلئے ، خواہ وہ ہندو ہو یا مسلمان ، نہیں ہے ۔ اس قانون کا اس ملک کے اندر رہ رہے 130 کروڑ لوگوں سے کچھ لینا دینا نہیں ہے ۔ سی اے اے شہریت چھیننے کیلئے نہیں بلکہ شہریت دینے کیلئے لایا گیا ہے۔


وزیر اعظم نے پناہ گزینوں اور دراندازوں میں بھی فرق بتایا اور کہا کہ ایک درانداز کبھی اپنی شناخت نہیں بتاتا ہے اور ایک پناہ گزیں کبھی اپنی شناخت نہیں چھپاتا ہے ۔ ایسے کئی درانداز باہر آرہے ہیں اور بول رہے ہیں ، وہ اپنی سچائی کیوں نہیں بتاتے ہیں ، وہ خوفزدہ ہیں ، کیونکہ ان کی حقیقت سامنے آجائے گی ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج جو لوگ کاغذ ، کاغذ ، سرٹیفکیٹ ، سرٹیفکیٹ کے نام پر مسلمانوں کو کنفیوز کررہے ہیں ، انہیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ہم نے غریبوں کی بھلائی کیلئے ، اسکیموں سے استفادہ کرنے والوں کا انتخاب کرنے کیلئے کبھی کاغذات کی بندش نہیں لگائی ۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ووٹ بینک کی سیاست کرنے والے اور خود کو ہندوستان کا بھاگیہ ودھاتا ماننے والے ، آج جب ملک کے عوام کے ذریعہ مسترد کردئے گئے ہیں تو انہوں نے اپنا پرانا ہتھیار نکال لیا ہے ۔ تقسیم کرو ، بھید بھاو کرو اور سیاسی الو سیدھا کرو ۔ آپ ان کے بہکاوے میں مت آئیے ۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میں ان سے جاننا چاہتا ہوں کہ کیا جب ہم نے دہلی کی سینکڑوں کالونیوں کو ریگولرائز کیا تو کسی سے پوچھا کہ آپ کا مذہب کیا ہے ، آپ کا عقیدہ کیا ہے ؟ آپ کس پارٹی کے حامی ہیں ؟ ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ لوگ جھوٹ بول کر مسلمانوں کو کنفیوز کررہے ہیں ۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حراستی سینٹر کی بات پوری طرح سے جھوٹ ہے ۔ سفید جھوٹ ۔ ملک میں اربن نکسل نظریہ کے کچھ لوگ اس طرح کا سفید جھوٹ پھیلا رہے ہیں ۔ میری نوجوانوں سے اپیل ہے کہ آپ تعلیم یافتہ ہیں ، پہلے شہریت ترمیمی قانون کو پڑھ لیجئے ۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اب بھی جو کفیوز ہیں ، میں ان سے کہوں گا کہ جو ہندوستان کی مٹی کے مسلمان ہیں ، ان سے سی اے اے اور این آر سی دونوں کا ہی کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سی اے اے کا فائدہ نئے پناہ گزینوں کو نہیں ملے گا ۔

وزیر اعظم مودی نے لوگوں سے امن کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ہاتھ میں تھما یہ ترنگا ان لوگوں کو تشدد پھیلانے والوں کے خلاف ، ہتھیار اٹھانے والوں کے خلاف ، دہشت گردانہ حملے کرنے والوں کے خلاف بھی آواز اٹھانے کی ترغیب دے گا ۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ایک مرتبہ جب ہاتھ میں ترنگا آجاتا ہے تو وہ پھر کبھی تشدد کی ، علاحدگی پسندی کی، تقسیم کی سیاست کی حمایت نہیں کرسکتا ۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ سی اے اے ان لوگوں پر نافذ ہوگا جو برسوں سے ہندوستان میں ہی رہ رہے ہیں ، کسی نئے پناہ گزینوں کو اس قانون کا فائدہ نہیں ملے گا ۔ پاکستان ، افغانستان اور بنگلہ دیش سے مذہبی استحصال کی وجہ سے آئے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے یہ قانون ہے ۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میں ان لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ مودی کو ملک کے عوام نے بیٹھایا ہے ، یہ اگر آپ کو پسند نہیں ہے تو آپ مودی کو گالی دو ، مخالفت کرو ، مودی کا پتلا جلاو ، لیکن ملک کی جائیداد کو نقصان مت پہنچاو ، غریبوں کے رکشا کو مت جلاو ، غریبوں کی جھونپڑیوں کو مت جلاو ، پولیس پر پتھر مت پھینکوں ۔
First published: Dec 22, 2019 11:37 PM IST