ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

فلسطینی سفارت خانہ کے کونسلر فائق حمزہ کا کووڈ سے انتقال، دہلی گیٹ قبرستان میں سپرد خاک

نئی دہلی میں واقع فلسطینی سفارت خانہ کے کونسلر فائق حمزہ کا دہلی کے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں کووڈ۔19 کی وجہ سے انتقال ہو گیا۔ان کی عمر 63 سال تھی۔ ان کی تدفین دہلی گیٹ قبرستان میں ہوئی ، جس کے نظم ونسق کی ذمہ داری جمعیۃ کووڈ ہیلپ ٹیم نے انجام دی۔

  • UNI
  • Last Updated: Apr 22, 2021 10:30 PM IST
  • Share this:
فلسطینی سفارت خانہ کے کونسلر فائق حمزہ کا کووڈ سے انتقال، دہلی گیٹ قبرستان میں سپرد خاک
فلسطینی سفارت خانہ کے کونسلر فائق حمزہ کا کووڈ سے انتقال، دہلی گیٹ قبرستان میں سپرد خاک ۔ تصویر : عظیم الدین صدیقی ، فیس بک اکاونٹ ۔

نئی دہلی : نئی دہلی میں واقع فلسطینی سفارت خانہ کے کونسلر فائق حمزہ کا دہلی کے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں کووڈ۔19 کی وجہ سے انتقال ہو گیا۔ان کی عمر 63 سال تھی۔ ان کی تدفین دہلی گیٹ قبرستان میں ہوئی ، جس کے نظم ونسق کی ذمہ داری جمعیۃ کووڈ ہیلپ ٹیم نے انجام دی۔ جمعیتہ علمائے ہند کی جاری کردہ ریلیز کے مطابق ان کی وفات 21اپریل کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں ہوگئی تھی، ہندستان میں ان کے اہل خانہ موجود تھے،لیکن ان کی تدفین کیسے اور کہاں ہو، یہ بڑا مسئلہ تھا ۔


چنانچہ اس کے حل کے لیے سفارت خانہ کے میڈیا ایڈوائزر عبدالرازق ابو جازیرنے جمعیۃ علماء ہند کے جنر ل سکریٹری مولانا محمود مدنی سے رابطہ کیا۔ مولانا مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ کی پوری ٹیم نے اس عمل کو انجام دیا ۔ ان کی لاش اسپتال سے مولانا عظیم اللہ صدیقی اور ماسٹر شفیع اللہ نے ایمبولینس کے ذریعہ پک اپ کیا ، جہاں سے لاش دفتر جمعیۃ علماء ہند لائی گئی ، یہاں نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ ان کی نماز جنازہ مولانا کلیم الدین قاسمی سیئنر آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند اور امام و خطیب مسجد عبدالنبی کی امامت میں اد ا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں دفترکے سبھی ذمہ داران و اسٹاف موجود تھے۔


اس کے بعد ان کی جسد خاکی کو دہلی گیٹ کے قبرستان لائی گئی ، جہاں ان کو باضابطہ طور پر فلسطینی چادر اور جھنڈے میں لیپٹ کر دفن کیا گیا ۔ تدفین کے بعد مولانا قاسم نوری صدر جمعیۃ علماء ضلع نئی دہلی نے دعاء کرائی ۔


اخیر میں مولانا عظیم اللہ قاسمی نے انگریزی میں ان کے اہل خانہ کے سامنے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی طرف سے پیغام تعزیت پیش کیا ۔ بتایا کہ مولانا مدنی نے مرحوم کونسلر کی وفات پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے اہل خانہ کو صبر کی تلقین کی ہے۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Apr 22, 2021 10:30 PM IST