کلبھوشن جادھو کیس : وزیر اعظم مودی نے عالمی عدالت کے فیصلہ کا کیا خیر مقدم ، ٹویٹ کر کے کہی یہ بات

وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز پاکستان کی جیل میں قید ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کی پھانسی کی سزا پر روک لگانے کے عالمی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سچ اور انصاف کی جیت قرار دیا۔

Jul 17, 2019 11:46 PM IST | Updated on: Jul 17, 2019 11:46 PM IST
کلبھوشن جادھو کیس : وزیر اعظم مودی نے عالمی عدالت کے فیصلہ کا کیا خیر مقدم ، ٹویٹ کر کے کہی یہ بات

وزیر اعظم مودی ۔ فائل فوٹو ۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز پاکستان کی جیل میں قید ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کی پھانسی کی سزا پر روک لگانے کے عالمی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سچ اور انصاف کی جیت قرار دیا۔  وزیراعظم مودی نے ٹویٹ کیا کہ ہم عالمی عدالت کے فیصلے کاخیرمقدم کرتے ہیں۔ سچ اور انصاف کی جیت ہوئی ہے۔ حقائق کے وسیع مطالعہ کی بنیاد پر فیصلہ سنانے کے لیے عالمی عدالت کو مبارکباد۔ مجھے پورایقین ہے کہ کلبھوشن جادھو کو انصاف ملے گا۔ ہماری حکومت ہر ہندوستانی کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ کام کرے گی ۔

قابل ذکر ہے کہ عالمی عدالت نے  پاکستان کی جیل میں قید ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کی پھانسی کی سزا پر روک لگاتے ہوئے پاکستان کو اس فیصلے پر نظرثانی کرنے اور گہرائی سے اس کا تجزیہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ تاہم عدالت نے پاکستان کی فوجی عدالت کے فیصلے کو رد کرنے اور مسٹر جادھو کی بہ حفاظت وطن واپسی کا ہندوستان کا مطالبہ نہیں مانا۔

سولہ رکنی بنچ میں سے 15 ججوں نے مانا ہے کہ اس معاملے میں ہندوستان کا ہیگ میں واقع عالمی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا درست ہے اور یہ کیس عدالت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے جبکہ پاکستان کے مستقل جج جیلانی نے ہی اس کی مخالفت کی ہے۔

Loading...