امریکہ سے لوٹے وزیر اعظم مودی ، سرجیکل اسٹرائیک کو یاد کرکے پاکستان کو اشاروں میں دیا جواب

وزیر اعظم مودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پورے ملک کو سلام کرتا ہوں ، 130 کروڑ ہندوستانیوں کو سلام کرتا ہوں ۔

Sep 28, 2019 08:58 PM IST | Updated on: Sep 28, 2019 09:10 PM IST
امریکہ سے لوٹے وزیر اعظم مودی ، سرجیکل اسٹرائیک کو یاد کرکے پاکستان کو اشاروں میں دیا جواب

وزیر اعظم نریندر مودی ۔ فوٹو : بی جے پی ٹویٹر ہینڈل

امریکہ کے سات دنوں کے دورے کے بعد وزیر اعظم مودی ہفتہ کو ملک لوٹ آئے ۔ رات 8 بج کر 10 منٹ پر ان کا طیارہ دہلی کے پالم ائیر پورٹ پر پہنچا ۔ ائیر پورٹ پر بی جے لیڈروں اور ممبران پارلیمنٹ نے ان کا گلاب کا پھول دے کر استقبال کیا ۔ استقبال کرنے والوں میں دہلی کے سبھی ممبران پارلیمنٹ موجود تھے ۔

ائیر پورٹ کے باہر بی جے پی کے ہزاروں کارکنان موجود تھے ۔ یہ سبھی مودی مودی کے نعرے لگا رہے تھے ۔ پالم ائیر پورٹ کے باہر ایک اسٹیج بھی تیار کیا گیا تھا ، جہاں سے انہوں نے لوگوں کو خطاب کیا ۔ وزیر اعظم مودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پورے ملک کو سلام کرتا ہوں ، 130 کروڑ ہندوستانیوں کو سلام کرتا ہوں ، میں 2014 میں الیکشن جیتنے کے بعد امریکہ اور اقوام متحدہ گیا تھا ۔ 2019 میں بھی گیا ، لیکن میں نے جو فرق محسوس کیا وہ یہ کہ دنیا میں ملک کا وقار بڑھا ہے ۔ غیر مقیم ہندوستانیوں نے جو کوششیں کی ہیں وہ قابل ذکر ہیں ۔

Loading...

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہاوڈی مودی میں ملک کی اہمیت کو سبھی نے دیکھا ۔ نیویارک پہنچا تو وہاں پر جتنے لوگوں سے ملا ، ان کا کہتا ہوتا تھا ہاوڈی مودی ، امریکہ میں ہر کسی کی زبان پر ہاوڈی مودی تھا ۔ دنیا بھر میں ہندوستان کی عزت ہے ۔

وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر پاکستان کو بھی سخت جواب دیا ۔ سرجیکل اسٹرائیک کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج 28 ستمبر کی رات ہے ۔ تین سال پہلے ایک وہ بھی 28 ستمبر کی رات تھی ، جس میں میں پوری رات نہیں سو سکا تھا ۔ ہر لمحہ ٹیلی فون کی گھنٹی بجنے کا انتظار کررہا تھا ۔ اس رات ہندوستان کے جانباز جوانوں نے نئی تاریخ رقم کی تھی ۔ سرجیکل اسٹرائیک کر کے ہندوستان کی آن بان شان کو دنیا کے سامنے پیش کیا تھا ۔ میں آج اس رات کو سلام کرتا ہوں ، ان جوانوں کو سلام کرتا ہوں ۔

بی جے پی کے مطابق وزیر اعظم مودی نے امریکہ میں جس طرح سے ملک کا سر فخر سے بلند کیا اور اقوام متحدہ کے اسٹیج سے پاکستان کو بے نقاب کیا ہے ، اس کو دیکھتے ہوئے اس جشن کی تیاری کی گئی تھی ۔

Loading...