ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

کرناٹک: جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم کو منفرد انداز میں منانے کی تیاریاں شروع

کورونا وائرس کی بیماری کے پیش نظر کرناٹک حکومت نے جلوس اور عوامی مقامات پر جلسے منعقد کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔ حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آل کرناٹک میلاد و جلوس کمیٹی نے اس مرتبہ جلوس نہ نکالنے کا فیصلہ لیا ہے۔

  • Share this:
کرناٹک: جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم کو منفرد انداز میں منانے کی تیاریاں شروع
کرناٹک: جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم کو منفرد انداز میں منانے کی تیاریاں شروع

بنگلورو: بنگلورو میں آل کرناٹک میلاد و جلوس رحمت اللعالمین کمیٹی کے تحت جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم کی تیاری شروع ہوچکی ہیں۔ 30 اکتوبر بروز جمعہ منائے جارہے جشن عید میلاد کے پیش نظر مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کی بیماری کے پیش نظر کرناٹک حکومت نے جلوس اور عوامی مقامات پر جلسے منعقد کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔ حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آل کرناٹک میلاد و جلوس کمیٹی نے اس مرتبہ جلوس نہ نکالنے کا فیصلہ لیا ہے۔ تاہم کمیٹی نے اپنے تحت آنے والی تقریبا 60 مساجد میں سیرت النبی کے جلسے، محفل درود و سلام، محفل حمد و نعت منعقد کرنے کی آیا مسجد کمیٹی سے گزارش کی ہے۔ اس کمیٹی کے تحت شہر کے کئی مقامات سے ہر سال جلوس برآمد کئے جاتے ہیں لیکن اس بار مقامی جلوس کمیٹیوں کو عید میلاد کے موقع پر بڑھ چڑھ کر فلاحی کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


آل کرناٹک میلاد و جلوس کمیٹی کے صدر اسمعیل شریف عرف نانا وارثی نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے مبارک موقع پر شجرکاری کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ کمیٹی کی جانب سے تمام مساجد اور جلوس کمیٹیوں کو پودے فراہم کئے جائیں گے۔ تاکہ ماحولیات کی حفاظت کیلئے پیغمبر اسلام کی تعلیمات کا عملی نمونہ لوگوں کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ اسمعیل شریف نے کہا کہ کمیٹی کے تحت آنے والی مساجد اور جلوس کمیٹیوں سے یہ اپیل بھی کی جاچکی ہے کہ وہ جشن عید میلاد کے دن غریبوں میں راشن تقسیم کریں ، محلے کے غریب طلبہ کو اسکالرشپ دیں، مریضوں کو طبی امداد فراہم کریں ، یتیموں، بے سہاروں، معذوروں، بیواؤں کی زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کی کوشش کریں۔


کمیٹی کے صدر نے کہا کہ اسطرح کے فلاحی اور رفاہی کام عید کے دن خصوصی طور پر بڑے پیمانے پر انجام دیں تاکہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کے پیام امن و انصاف، انسانیت و ہمدردی کا عملی نمونہ لوگوں کے سامنے پیش کیا جاسکے۔آل کرناٹک میلاد و جلوس کمیٹی کے سرپرست فیض اللہ بیگ جنیدی نے کہا کہ کمیٹی نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی سیرت پر برادران وطن میں کتابچے تقسیم کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے تاکہ مذہب اسلام اور آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے متعلق پھیلائی جانی والی غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے۔




آل کرناٹک میلاد و جلوس کمیٹی کے اس اجلاس میں مناہل تعلیمی ادارے کے صدر سلیم پاشاہ قریشی کو اتفاق رائے سے کمیٹی کا نائب صدر نامزد کیا گیا۔ حال ہی میں نواب جان قریشی کے انتقال کے بعد یہ عہدہ خالی تھا۔ دوسری جانب کرناٹک کے شمالی شہر ہبلی میں جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی مناسبت سے خون کے عطیہ کا کیمپ منعقد ہوا۔ جماعت اہل سنت، کرناٹک کے تحت ہوئے اس کیمپ میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے تاجدار مدینہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و سلم کی محبت میں اپنے خون کا عطیہ پیش کیا۔ اہم بات یہ رہی کہ اس موقع پر علماء کرام اور مشائخین عظام نے بھی ضرورت مندوں کیلئے اپنے خون کا عطیہ پیش کیا۔

انڈین ریڈ کراس سوسائٹی اور دیگر سماجی تنظیموں کے اشتراک سے ہوئے اس پروگرام میں برادران وطن کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا اور ان کے سامنے دین اسلام کا تعارف اور حضور اقدس صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات کے سلسلے میں چند باتیں رکھی گئیں۔ واضح رہے کہ ہبلی شہر میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم کے موقع پر ہر سال بڑے پیمانے پر خون کے عطیہ کا کیمپ منعقد ہوتا ہوا آرہا ہے۔بہرحال کرناٹک بھر میں اس مرتبہ کورونا وبا کی وجہ سے جلوس اور بڑے بڑے جلسوں کو منسوخ کرتے ہوئے عاشقان رسول کچھ مختلف انداز میں میلاد مصطفٰی صلی اللہ علیہ و سلم منا رہے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی سیرت کو مولانا الطاف حسین حالی نے کیا خوب بیان کیا ہے وہ نبیوں میں رحمت لقب پانے والا مرادیں غریبوں کی بر لانے والا مصیبت میں غیروں کے کام آنے والا وہ اپنے پرائے کا غم کھانے والا فقیروں کا ملجا، ضعیفوں کا ماوی یتیموں کا والی، غلاموں کا مولا۔
Published by: Nisar Ahmad
First published: Oct 28, 2020 11:53 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading