نئی دہلی: اپوزیشن کے امیدوار یشونت سنہا نے 18 جولائی کو ہونے والے صدر جمہوریہ الیکشن کے لئے پرچہ نامزدگی آج داخل کی۔ یشونت سنہا کی نامزدگی داخل کرنے کے دوران شرد پوار، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور اکھلیش یادو سمیت کئی اپوزیشن لیڈر موجود رہے۔ نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ بھی دیگر اپوزیشن لیڈران کے ساتھ اس موقع پر موجود رہے۔
نیوز ایجنسی ’بھاشا‘ کی ایک خبر کے مطابق، صدر جمہوریہ عہدے کے لئے 18 جولائی کو ہونے جا رہے الیکشن میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا نے پیر کے روز پرچہ نامزدگی کے چار سیٹ راجیہ سبھا کے جنرل سکریٹری پی سی مودی کو سونپے۔ پی سی مودی صدر جمہوریہ الیکشن کے لئے الیکشن افسر ہیں۔
سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کی نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار، راجیہ سبھا کے لیڈر اپوزیشن ملیکا ارجن کھڑگے، کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش، سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، ڈی ایم کے لیڈر اے راجہ، نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ اور کئی دیگر اپوزیشن لیڈر موجود تھے۔ اپوزیشن جماعتوں نے یشونت سنہا کو 21 جون کو اپنا مشترکہ امیدوار بنایا ہے۔
نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی امیدوار دروپدی مرمو نے گزشتہ ہفتے جمعہ کو نامزدگی داخل کی تھی۔ صدر جمہوریہ الیکشن 18 جولائی کو ہونا ہے۔ ووٹوں کی گنتی 21 جولائی کو ہوگی۔ موجودہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی مدت کار 24 جولائی کو ختم ہو رہا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔