میرٹھ: لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد پرائیویٹ پریکٹس کرنے والے ڈاکٹروں کی یہ ہے پریشانی
میرٹھ میں بھی کنٹینمنٹ اور بفر زون کے باہر کے علاقوں میں احتیاط کی شرائط کے ساتھ بازار ہوٹل اور عبادت گاہوں کو کھولنے کی رعایت دی گئی ہے، لیکن شہر کے بیشتر علاقے کنٹینمنٹ اور بفر زون میں ہونے کی وجہ سے ان علاقوں میں ابھی سختی کی جا رہی ہے۔
- news18 Urdu
- Last Updated: Jun 10, 2020 10:56 PM IST

میرٹھ میں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد پرائیویٹ پریکٹس کرنے والے ڈاکٹروں کی یہ ہے پریشانی
میرٹھ: لاک ڈاؤن- 4 کے ختم ہونے اور ان لاک-1 کی شروعات کے بعد بھی میرٹھ کے پرائیویٹ پریکٹس کرنے والے ڈاکٹروں کی مشکلیں ختم نہیں ہو رہی ہے۔ گزشتہ 70 دنوں سے کلینک بند ہونے کے بعد اب کلینک کھولنے کی اجازت ملنے کا انتظار کر رہے ڈاکٹروں کو ضلع انتظامیہ سے بھی مایوسی ہی حاصل ہوئی ہے۔ جون سے ان لاک -1 کی شروعات کے ساتھ ہی ملک کی مختلف ریاستوں میں شاپنگ مال بازار اور عبادت گاہوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
میرٹھ میں بھی کنٹینمنٹ اور بفر زون کے باہر کے علاقوں میں احتیاط کی شرائط کے ساتھ بازار ہوٹل اور عبادت گاہوں کو کھولنے کی رعایت دی گئی ہے، لیکن شہر کے بیشتر علاقے کنٹینمنٹ اور بفر زون میں ہونے کی وجہ سے ان علاقوں میں ابھی سختی کی جا رہی ہے۔ ایسے میں پرائیویٹ میڈیکل خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں نے کلینک کو کھولنے کی اجازت دیئے جانے کا ڈی ایم میرٹھ سے مطالبہ کیا ہے۔ نیشنل انٹیگریٹڈ میڈیکل ایسوسی ایشن کے بینر تلے پرائیویٹ پریکٹس کرنے والے ڈاکٹرس نے ڈی ایم میں ملاقات کرکے کلینک کو کھولنے کی اجازت دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ جب بازار اور عبادت گاہوں کو کھولا جا سکتا ہے تو پرائیویٹ میڈیکل خدمات کو بحال کیوں نہیں کیا جا سکتا۔ میڈیکل ایسوسی ایشن نے احتیاطی تدابیر کی شرائط کے ساتھ مریضوں کو طبّی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تاہم ڈی ایم میرٹھ نے اس معاملے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ وہیں میرٹھ میں پرائیویٹ پریکٹس کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ آج کے ان حالات میں جہاں کورونا کے علاوہ دیگر بیماریوں میں مبتلا مریض طبّی سہولیات کے لئے پریشان ہے۔ ضلع انتظامیہ نے پرائیویٹ کلینک کو ابھی کھولنے کی اجازت نہ دے کر ایسے مریضوں کے لئے مزید مشکلات پیدا کر دی ہے۔