بھیم آرمی کے صدرچندرشیکھرسےاسپتال میں ملاقات کے بعد پرینکا گاندھی نےکہا 'چندرشیکھرکی ہرلڑائی میں ان کےساتھ ہوں'۔

قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ کیا چندرشیکھرکانگریس کے ٹکٹ پروارانسی سے میدان میں ہوں گے یا پھرکانگریس بھیم آرمی کو نریندرمودی کے خلاف حمایت دے گی۔

Mar 13, 2019 07:49 PM IST | Updated on: Mar 13, 2019 07:53 PM IST
بھیم آرمی کے صدرچندرشیکھرسےاسپتال میں ملاقات کے بعد پرینکا گاندھی نےکہا 'چندرشیکھرکی ہرلڑائی میں ان کےساتھ ہوں'۔

پرینکا گاندھی نے بھیم آرمی چیف چندرشیکھر سے ملاقات کی۔

کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری اورمشرقی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی بدھ کو بھیم آرمی کے صدرچندرشیکھرسے ملنے اسپتال پہنچ گئیں۔ پرینکا گاندھی کےاس طرح سے چندرشیکھرسے ملاقات کرنے کی خبرسے سیاسی گلیاروں میں قیاس آرائیوں کا بازارایک بار پھرگرم ہوگیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ 15 مارچ کے بعد چندرشیکھرالیکشن لڑنےاورکانگریس سےاتحاد کرنے کا اعلان کرسکتے ہیں۔

چندرشیکھر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ یہ حکومت کسی کی بات نہیں سننا چاہتی ہے۔ یہ ایک نوجوان کو کچلنا چاہتی ہے۔ روزگار تو انہوں نےدیا نہیں، کوئی آوازاٹھا رہا ہے توآوازاٹھانے دیجئے۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر کی ہر لڑائی میں ان کے ساتھ ہوں۔ جب پرینکا گاندھی سے پوچھا گیا کہ کیا چندر شیکھر کو نگینہ سے الیکشن لڑایا جائے گا توانہوں نے کہا کہ چندرشیکھرکا جوش پسند آیا، اس کی جدوجہد ہم سمجھتے ہیں، اس لئے اس سے ملاقات کرنے آئے، اس کا کوئی سیاست نہیں کرنی چاہئے۔

کہا جارہا ہے کہ پرینکا گاندھی اورچندرشیکھر کےدرمیان ہونے والی اس ملاقات کے کئی مطلب ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ منگل کو بغیراجازت کے سہارنپورکے دیوبند میں پیدل یاترا نکال کرضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں چندرشیکھر کوحراست میں لیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس کے ساتھ حامیوں کی جھڑپ کے دوران ان کی طبعیت بگڑگئی تھی۔ انہیں میرٹھ میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔

اس سے قبل نیوز18 سے بات چیت میں چندرشیکھرنے کہا تھا کہ وہ وزیراعظم نریندرمودی کو شکست دینے کے لئے بھیم آرمی اپنا امیدوارمیدان میں اتارے گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگرکوئی مناسب امیدوارنہیں ملا تووہ خود وزیراعظم مودی کے خلاف وارانسی سیٹ سے میدان میں اتریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے پرینکا گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بڑا لیڈربھی بتایا تھا۔

Loading...

انہوں نے نیوز18 سے بات چیت میں خود بتایا کہ پرینکا گاندھی ان سے ملنے آج آرہی ہیں۔ حالانکہ آگے کی حکمت عملی کا انہوں نے انکشاف نہیں کیا۔ اب پرینکا گاندھی اورچندرشیکھرکی ملاقات اہم سمجھی جارہی ہے۔ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ کیا چندرشیکھرکانگریس کے ٹکٹ پروارنسی سے میدان میں ہوں گے یا پھرکانگریس بھیم آرمی کومودی کے خلاف حمایت دے گی۔

Loading...