உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    Punjab: عاپ کے CM عہدے کے چہرے بھگونت مان سنگرور کی دھوری سیٹ سے لڑیں گے، جلد ہوگا اعلان

    پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے سی ایم امیدوار بھگوت مان۔(فائل فوٹو)

    پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے سی ایم امیدوار بھگوت مان۔(فائل فوٹو)

    مان نے سابق صدر اے پی جے عبدالکلام، جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا، مشہور پنجابی شاعر سورجیت پاتر اور پروفیسر موہن سنگھ کو اپنا آئیڈیل بتاتے ہوئے ریاست کے مختلف مسائل کو دور کرنے کی سمت میں کام کرنے کا عہد لیا۔

    • Share this:
      نئی دہلی:پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے وزیراعلیٰ عہدے کے امیدوار بھگونت مان (Bhagwant Mann) اپنے ہوم گراونڈ سنگرور کی دھوری اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔ پارٹی جلد ہی اس بارے میں اعلان کرے گی۔ بتادیں کہ عام آدمی پارٹی (AAP) نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ پنجاب اسمبلی الیکشن میں بھگونت مان پارٹی کے وزیراعلیٰ عہدے کے امیدوار ہوںگ ے۔ مان نے لوگوں کو یقین دلایا کہ آپ کے اقتدارمیں آنے پر وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں گے اور ریاست کو پھر سے اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے۔ پنجاب کی 117 رکنی اسمبلی کے لئے 20 فروری کو رائے دہی ہونا ہے اور ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو کی جائے گی۔ پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال (Arvind Kejriwal) نے ’مسڈ کال‘ کے ذریعے چلائے گئے ’جنتا چنے گی اپنا سی ایم‘ مہم کے نتائج کا اعلان کیا۔ پارٹی لیڈروں نے بتایا کہ اسمبلی الیکشن کے لئے وزیراعلیٰ عہدے کا چہرہ منتخب کرنے کے لئے چلائی گئی اس مہم کے تحت پارٹی کو 21.59 لاکھ ری ایکشنس ملے۔

      بھگونت مان کی سیاسی تاریخ
      مان نے 2012 کے پنجاب اسمبلی الیکشن میں سنگرور کی لہراگاگا سیٹ سے کانگریس کے سینئر لیڈر راجندر کور بھٹل کے خلاف الیکشن لڑا تھا اور ہار گئے تھے۔ وہ 2014 میں عاپ میں شامل ہوگئے اور سنگرور لوک سبھا سیٹ سے اکالی لیڈر سُکھ دیو سنگھ ڈھینڈسا کے خلاف انتخابی میدان میں اُترے۔ انہوں نے ڈھیندسا کو دو لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے ریکارڈ فرق سے ہرایا تھا۔ سال 2014 میں ، عاپ نے پنجاب میں چار لوک سبھا سیٹیں جیتی تھیں۔ صحافیوں اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مان نے کہا کہ وہ لوگوں کے لئے کام کرتے رہیںگے اور پنجاب کو پھر سے اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے انہیں بہت بڑی ذمہ داری دی ہے۔ لاکھوں لوگوں نے مجھ پر بھروسہ ظاہر کیا ہے اور یہ میری دوہری ذمہ داری بن گئی ہے۔ میں دوگنے جوش کے ساتھ کام کروں گا۔

      ’پنجاب بنانے کاخواب ہمیں سونے نہیں دیتا‘
      مان نے سابق صدر اے پی جے عبدالکلام، جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا، مشہور پنجابی شاعر سورجیت پاتر اور پروفیسر موہن سنگھ کو اپنا آئیڈیل بتاتے ہوئے ریاست کے مختلف مسائل کو دور کرنے کی سمت میں کام کرنے کا عہد لیا۔ انہوں نے کہا کہ کلام نے ایک بار کہاتھاکہ خواب وہ نہیں ہوتے جو تب دکھائی دیتے ہیں جب لوگ سورہے ہوتے ہیں، بلکہ خواب وہ ہوتے ہیں جو لوگوں کو سونے نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا، پنجاب کو پھر سے پنجاب بنانے کا خواب ہمیں سونے نہیں دیتا، بے روزگار نوجوانوں کو نوکری دینے اور انہیں نشے سے بچانے کا خواب ہمیں سونے نہیں دیتا، کھیتی کو منافع بخش پیشے میں بدلنے کا خواب ہمیں سونے نہیں دیتا اور تجارت و صنعت کو روزگار کے مواقع سجانے کے لئے پرامن ماحول دینے کا خواب ہمیں سونے نہیں دیتا۔‘
      Published by:Shaik Khaleel Farhaad
      First published: