ہتک عزت کے معاملہ میں عدالت میں پیش ہوئے راہل گاندھی، الزام کو سرے سے کیا مسترد

کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھي گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران کرناٹک کی ایک انتخابی ریلی میں دیئے گئے اپنے مبینہ متنازعہ بیان- ’تمام مودی چور ہیں‘ کو لے کر یہاں حکمراں بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی کی جانب سے دائر ہتک عزت کے معاملہ میں آج عدالت میں پیش ہوئے۔

Oct 10, 2019 12:59 PM IST | Updated on: Oct 10, 2019 01:02 PM IST
ہتک عزت کے معاملہ میں عدالت میں پیش ہوئے راہل گاندھی، الزام کو سرے سے کیا مسترد

راہل گاندھی کی عدالت میں پیشی

سورت۔ سینئر کانگریس لیڈر، لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھي گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران کرناٹک کی ایک انتخابی ریلی میں دیئے گئے اپنے مبینہ متنازعہ بیان- ’تمام مودی چور ہیں‘ کو لے کر یہاں حکمراں بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی کی جانب سے دائر ہتک عزت کے معاملہ میں آج عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جی ایم) بی ایچ کاپڑیا کی عدالت میں جب راہل گاندھی صبح پونے گیارہ بجے پیش ہوئے تو ان سے طے عمل کے مطابق سی جی ایم نے ان کا نام، عمر اور پتہ پوچھا اور پھر یہ پوچھا کہ وہ کیا ان پر لگائے گئے الزام کو قبول کرتے ہیں۔ اس کے جواب میں راہل گاندھی نے الزامات کو سرے سے مسترد کردیا۔

Loading...

یہ معاملہ مقامی بی جے پی ممبر اسمبلی پورنیش مودی نے درج کرایا ہے۔ راہل  گاندھی کے وکیل کریٹ پانوالا نے عدالت میں ذاتی پیشی سے مستقل چھوٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک عرضی بھی دائر کی۔ عدالت نے کیس کی سماعت کی اگلی تاریخ 10 دسمبر تک اور اس دن انہیں عدالت میں پیشی سے چھوٹ بھی دے دی۔ راہل گاندھی تقریبا 15 منٹ تک عدالت میں رہے۔

مودی کے وکیل ہنس مکھ ایل والا نے گاندھی کو پیشی سے چھوٹ دیئے جانے کی پرزور مخالفت کی ۔ اب اگلی تاریخ کی سماعت کے بعد تعزیرات ہند کی دفعہ 500 کے تحت درج اس معاملے کی باقاعدہ سماعت شروع ہوگی۔ اس کے تحت مجرم ثابت ہونے پر دو سال کی سزا یا جرمانے یا دونوں کا التزام ہے۔ راہل گاندھی ہتک عزت معاملہ کے ہی ایک اور کیس میں کل احمد آباد کے ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ آر بی اٹالیہ کی عدالت میں بھی پیش ہوں گے۔

Loading...