نئی دہلی: نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ معاملے میں بیان درج کرانے کے لئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو پانچویں دن 21 جون کو جانچ میں شامل ہونے کو کہا ہے۔ افسران نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ گاندھی پوچھ گچھ کے لئے چوتھے دن پیر کو ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے تھے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس سے ایک دن پہلے راہل گاندھی نے اپنا 52واں یوم پیدائش منایا۔ افسران نے کہا کہ انہیں منگل کو پھر سے جانچ میں شامل ہونے اور منی لانڈرنگ مخالف قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت بیان درج کرانے کو کہا گیا ہے۔
راہل گاندھی پہلی بار 13 جون کو، قومی راجدھانی میں اے پی جے عبدالکلام روڈ پر واقع ای ڈی ہیڈ کوارٹر میں پیش ہوئے تھے اور تب سے وہ چار بار ایجنسی کے سامنے پہلے پیش کئے گئے ہیں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ سے اب تک 38 گھنٹے کی پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔ مرکزی جانچ ایجنسی کے دفتر کے آس پاس پولیس اور نیم فوجی دستوں کے جوانوں کو بھاری تعداد میں تعینات کیا گیا ہے اور ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کی دفعہ 144 کے تحت حکم امتناعی نافذ ہے۔
راہل گاندھی دوپہر تقریباً تین بجکر 30 منٹ پر کھانے کے وقفے کے لئے ای ڈی دفتر سے باہر نکلے اور تقریباً ایک گھنٹے کے بعد پھر ای ڈی دفتر پہنچے۔ جانچ ایجنسی کی ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
گزشتہ ہفتے پیر، منگل اور بدھ کو مسلسل تین دن ای ڈی کے افسران نے 52 سالہ راہل گاندھی سے 30 گھنٹے سے زیادہ وقت تک پوچھ گچھ کی تھی، جس دوران منی لانڈرنگ روک تھام قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت ان کے بیان درج کئے گئے تھے۔
انہوں نے گزشتہ جمعہ کو پھر سے جانچ ایجنسی کے سامنے پیش ہونا تھا، لیکن کانگریس کے سابق صدر نے اپنی ماں سونیا گاندھی کے بیمار ہونے کے سبب ای ڈی کے جانچ افسر کو خط لکھ کر انہیں جمعہ (17 جون) کے لئے مقررہ پوچھ گچھ سے چھوٹ دینے کی گزارش کی تھی۔ ای ڈی نے ان کی گزارش کو منظور کرلیا تھا اور 20 جون کو پیش ہونے کے لئے کہا تھا۔
کانگریس صدر سونیا گاندھی کووڈ-19 سے جڑی صحت سے متعلق پریشانیوں کے سبب دہلی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ ای ڈی نے سونیا گاندھی کو اسی معاملے میں 23 جون کو طلب کیا ہے۔ کانگریس نے ای ڈی کی کارروائی کو بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی اپوزیشن لیڈران کے خلاف بدلے کی سیاست قرار دیا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔