حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع ، پہلا قافلہ دہلی پہنچا

نئی دہلی: مقدس سفر حج سے حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور دہلی کے اندراگاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے حج ٹرمنل پرپروازیں ہر روز حجاج کرام کو لے کر اتررہی ہیں۔

Sep 29, 2015 09:40 PM IST | Updated on: Sep 29, 2015 09:40 PM IST
حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع ، پہلا قافلہ دہلی پہنچا

نئی دہلی: مقدس سفر حج سے حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور دہلی کے اندراگاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے حج ٹرمنل پرپروازیں ہر روز حجاج کرام کو لے کر اتررہی ہیں۔ گزشتہ شب 335حجاج کرام کا پہلا قافلہ دہلی پہنچا اور اس کے ساتھ ہی حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

حجاج کرام کے پہلے قافلے کے استقبال کیلئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیرمین ڈاکٹر پرویز میاں ، وزارت خارجہ کے جوائنٹ سکریٹری ٹی ڈارلونگ، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ڈپٹی ایگزیکیٹو آفیسر محسن علی، رضاکار تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ ہزاروں کے تعداد میں حجاج کرام کے عزیز و اقارت موجود تھے۔

اس کے بعد دیر رات 1.10پر ایر انڈیا کی دوسری فلائٹ سے 340حاجیوں کا دوسرا قافلہ دہلی پہنچا ، اس کے بعد آج 337حاجیوں کا تیسرا قافلہ دہلی پہنچا۔

اس فلائٹ سے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکیٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی بھی فریضہ حج کرکے واپس آئے وہ وہاں پر انتظام و انصرام کا جائزہ لینے اور حجاج کرام کی مدد کیلئے گئے تھے۔ اس کے بعد دوپہر 1.30بجے 335حجاج کرام کا چوتھا قافلہ دہلی پہنچا، اب تک واپس آنے والے حجاج کرام کی مجموعی تعداد 1347ہو گئی ہے۔

Loading...

ان سبھی حجاج کرام کا حج کا فریضہ اداکرنے اور زیارت حرمین شریفین اور مقامات مقدسہ کرکے واپس لوٹنے پر زبردست اور پرتپاک خیر مقدم کیا گیا ۔ حجاج کرام نے فریضہ حج کی ادائیگی اور بخیریت وطن واپسی پر خدا کا شکر ادا کیا ۔

اس موقع پر ڈاکٹر پرویز میاں نے تمام حجاج کرام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ اللہ رب العزت کے مہمان بن کر آئے ہیں ، آپ بہت مقدس سفر اور بہت عظیم فریضہ ادا کرکے آئے ہیں اور سفر میں پریشانیاں اور دقتیں تو ہوتی ہیں آپ نے اس سفر کی دقتوں کو صبر و شکر کے ساتھ برداشت کیا ہے اللہ آپکو اس کا اجر عظیم عطا فرمائیگا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ حجاج کرام کی آمد کا سلسلہ 13اکتوبر تک جاری رہیگا۔

Loading...