سہارنپور: اترپردیش کے دیوبند میں واقع عالمی شہریت یافتہ اسلامی ادارہ مرکز دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے دارالحکومت دہلی کے جہانگیر پوری میں ہنومان جینتی کے دوران نکالی گئی شوبھا یاترا کے بعد مسجد پر بھگوا جھنڈا لگانے اور پھر اس کے بعد ہوئے تشدد سے متعلق بیان دیا ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ وائرل آڈیو میں مفتی ابوالقاسم نعمانی مسلمانوں کو تنبیہ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ مسلمانوں کو چھت پر چڑھ کر نعرۂ تکبیر بولنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ بلکہ اب ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
وائرل آڈیو (Viral Audio) میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے مسلمانوں کو بزدلی کا راستہ ترک کرنے اور سمجھداری سے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے کہا ہے۔ اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر آڈیو جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر جان ومال پر آنچ آئے تو چھت پر چڑھ کر صرف نعرۂ تکبیر بلند نہ کریں۔ بلکہ پوری طاقت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں۔جہانگیر پوری تشدد: امت شاہ کا دہلی پولیس کو حکم، قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کریںمفتی ابوالقاسم نعمانی نے ملک میں کئی مقامات پر ہوئے فرقہ وارانہ فسادات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنے گناہوں سے توبہ کریں۔ اپنی زندگی میں اسلامی تعلیم کو اپنائیں۔ ملک کے لوگ اور پڑوسیوں کے سامنے اسلام کی صحیح تصویر پیش کریں۔ اس سے ان کے ذہن میں، جو گندگی بھری جارہی ہے، وہ صاف ہوسکے گی۔
موت عزت کے ساتھ آئے…مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ اگر ہماری جان ومال، عزت وآبرو پرکوئی حملہ کرتا ہے تو اللہ نے جتنی طاقت دی ہے، اس کے ساتھ مقابلہ کریں۔ موت عزت کے ساتھ آئے، کیونکہ ایک دن موت تو آنی ہے۔ دلوں میں بزدلی اور کمزوری بٹھا کر اپنے آپ کو دوسروں کے سپرد کردینا ایمان والوں کی شان میں نہیں ہے۔ مولانا نعمانی نے ملک کے موجودہ حالات پر سیاسی لیڈران کی خاموشی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ دارالعلوم دیوبند کے ناظم اعلیٰ رمضان کے مبارک اور مقدس مہینے میں اپنے بنارس واقع خانقاہ میں ہیں۔ وہیں سے انہوں نے یہ بیان دیا ہے۔ حالانکہ نیوز 18 اس وائرل آڈیو کی تصدیق نہیں کرتا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔