ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

مدھیہ پردیش: نیوز 18 اردو کی خبر نے دکھایا اثر، ائمہ وموذنین کی ادا کی گئی تنخواہ

مدھیہ پردیش میں اقتدار کی منتقلی ہوتے ہی اداروں میں وینڈر سسٹم کا نفاذ ہونے کے سبب مساجد کمیٹی کے ائمہ وموذنین کو ماہ جون سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوسکی تھی۔ اس سلسلے میں مساجد کمیٹی کے ذمہ داران کورونا قہر میں خاموشی سے اپنی کوششیں کر رہے تھے

  • Share this:
مدھیہ پردیش: نیوز 18 اردو کی خبر نے دکھایا  اثر، ائمہ وموذنین کی ادا کی گئی تنخواہ
مدھیہ پردیش: نیوز 18 اردو کی خبر نے دکھایا اثر، ائمہ وموذنین کی ادا کی گئی تنخواہ

بھوپال: خبر عوامی مفادات کو سامنے رکھ کر دکھائی جائے تواس کا اثر ضرور ہوتا ہے۔ مساجد کمیٹی کے زیر انتظام ائمہ و موذنین کی تنٓخواہوں کی ادائیگی کو لے کر نیوز 18  اردو کی خبر کو محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود نے نہ صرف سنجیدگی سے لیا ہے بلکہ ائمہ موذنین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو لے کر احکام بھی جاری کردیا ہے۔ مدھیہ پردیش میں مساجد کمیٹی کا قیام ریاست بھوپال کے آخری فرمانروا نواب حمیداللہ خان اور انڈین یونین کے بیچ ہوئے معاہدے کی رو سے عمل میں آیا تھا۔ مساجد کمیٹی کے زیر انتظام ریاست بھوپال کے اضلاع کی مساجد کے ائمہ وموزنین دارالقضا، دارالافتا اور مساجد کمیٹی کے زیر انتظام چلنے والے اسکول کے اساتذہ اور دیگر اسٹاف کی تنخواہ ادا کی جاتی ہے۔ تنخواہوں کی ادائیگی مساجد کمیٹی کے ذریعہ حکومت کی جانب سے ادا کئے جانے والےبجٹ سے کی جاتی ہے۔


مدھیہ پردیش میں اقتدار کی منتقلی ہوتے ہی اداروں میں وینڈر سسٹم کا نفاذ ہونے کے سبب مساجد کمیٹی کے ائمہ وموذنین کو ماہ جون سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوسکی تھی۔ اس سلسلے میں مساجد کمیٹی کے ذمہ داران کورونا قہر میں خاموشی سے اپنی کوششیں کر رہے تھے، لیکن ان کی ساری کوششیں ناکام ہوگئی تھیں۔ اس بیچ جب نیوز 18 کو یہ خبر معلوم ہوئی تو نیوز 18 نے اس خبرکو نہ صرف نشر کیا بلکہ اس پر خاص پروگرام بھی پیش کیا۔ جس کا نتیجہ یہ ہے کہ حکومت نے جون، جولائی اور اگست مہینے کی تنخواہوں کے لئے انیاسی لاکھ چوون ہزار نوسو چالیس روپیہ کے بجٹ کو جاری کرنے کا احکام جاری کردیا ہے۔

مدھیہ پردیش کے اقلیتی وزیر رام کھلاون پٹیل کہتے ہیں کہ سابقہ کمل ناتھ حکومت کے سبب مساجد کمیٹی کے ائمہ وموذنین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وینڈر سسٹم کا نفاذ کمل ناتھ حکومت نے کیا تھا۔ تاخیر کے لئے ہم نہیں سابقہ حکومت ذمہ دار ہے، جس نے آزادی کے بعد سے اب تک مسلم سماج کو صرف ایک ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرکے چھوڑا ہے۔ ہمیں جب معلوم ہوا تو ہم نے تنخواہ کو جاری کرنے کا احکام جاری کیا ہے۔ ابھی تین مہینے کی تنخواہیں جاری کی گئی ہیں، باقی تنخواہیں بھی جلد جاری کی جائیں گی۔

وہیں ائمہ وموذنین کی تنخواہوں کو لے کر احکام جاری ہونے کے بعد مساجد کمیٹی اور ائمہ موذنین میں خوشی دیکھی جارہی ہے۔ مساجد کمیٹی کے سکریٹری ایس ایم سلمان کہتے ہیں کہ ائمہ وموذنین کی تنخواہوں کو لے کر احکام جاری ہوگیا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ جلد ہمارے ائمہ وموذنین کے اکاؤنٹ میں ان کی تنخواہیں جلد پہنچ جائیں گی۔ اس کام کے لئے نیوز 18 اردو کا خصوصی طور پر شکریہ اداکرتا ہوں کہ اس نے ائمہ وموذنین کے معاملے کو لے کر کئی بار خبر نشر کی اور خصوصی پروگرام بھی دکھایا ہے۔ ان لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں، جنہوں نے خاموش طریقے سے ہماری اس معاملے میں مدد کی ہے۔

Published by: Nisar Ahmad
First published: Oct 13, 2020 11:59 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading