تلنگانہ اورآندھراپردیش میں شب قدرکےسلسلے میں عظیم الشان اور رُوح پرور اجتماعات کا انعقاد

لاکھوں کی تعداد میں لوگ رات بھر شب خوانی، ذکرواذکار، قرآن خوانی، درودوسلام، نمازوں کی ادائیگی اوردینی محافل میں مصروف رہے۔

Jun 02, 2019 06:00 PM IST | Updated on: Jun 02, 2019 08:03 PM IST
تلنگانہ اورآندھراپردیش میں شب قدرکےسلسلے میں عظیم الشان اور رُوح  پرور اجتماعات کا انعقاد

فائل فوٹو

Loading...

 حیدرآباد: تلنگانہ اورآندھراپردیش کی تمام مساجد، زیارت گاہوں اورخانقاہوں میں شب قدر کے سلسلے میں عظیم الشان اور رُوح پرور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ لاکھوں کی تعداد میں لوگ رات بھر شب خوانی، ذکرواذکار، قرآن خوانی، درودوسلام، نمازوں کی ادائیگی اوردینی محافل میں مصروف رہے۔

علمائے کرام نے لیلتہ القدرو ماہ رمضان المبارک کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے رمضان کے اس آخری عشرہ کی ہرگذرتی ہوئی ساعت سے استفادہ کرنے، اللہ سبحانہ تعالی کی پاک ذات اقدس کے سامنے سربسجود ہوکراپنی مغفرت کے ساتھ ساتھ اسلام کے دنیا میں ایک مرتبہ پھرغلبہ کے ذریعہ دین متین پرخود کے مکمل طورپر کاربندہونے، مرادوں، مناجات، دعاوں میں اثردینےاوران کوقبولیت کا شرف بخشنے کےلئےمالک حقیقی کے سامنے گڑگڑانے کی تلقین کی۔

اس موقع پرمختلف مقاما ت پر ہوئے جلسہ ہائے شب قدر کے موقع پر مہمان او رمیزبان علما کرام اورعمائدین ملت نے خطاب کرتے ہوئے امت مسلمہ پرطاقوتی اوراستعماری طاقتوں کے غلبہ کے انسداد، ان کےغلط شرانگیز ارادوں،منصوبوں،سازشوں اور ریشہ دوانیوں سے امت مظلومہ کومحفوظ رکھنے کی دعا مانگنے پربھی زور دیا۔ شب قدرکےسلسلے میں باوقاراور روح پروراجتماعات تلنگانہ کے دارالحکومت شہرحیدرآباد میں دیکھےگئےجہاں شب قدرکی مناسبت سےمساجد کو روشنیوں سے منورکیا گیا تھا۔

حیدرآباد کے علاوہ دونوں ریاستوں کے اضلاع کی مساجد‘ خانقاہوں‘ زیارت گاہوں میں شب بیداری کی خاص تقاریب ہوئی جس میں بارگاہ ایزدی میں سربسجود ہوکر وسعت رزق‘ صحت و سلامتی اور مغفرت کی دعائیں بھی طلب کی گئیں۔ لاکھوں کی تعداد میں لوگ رات بھر شب خوانی، ذکر واذکار، قرآن خوانی، درودو سلام، نمازوں کی ادائیگی اوردینی محافل و مجالس میں مصروف رہے۔ بڑے پیمانہ پر جلسے ہائے تلاش شب قدرمختلف تنظیموں کی جانب سے منعقد کئے گئے۔ ان روح پرور مجالس اور جلسوں میں لاکھوں افراد نے شرکت کرتے ہوئے استفادہ کیا۔ نامور علما کرام ومشائخین عظام نے فضیلت شب قدرپر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کا بھی مشورہ دیا۔

علما نے امت مسلمہ کے مسائل اور دین سے دوری کے سبب ہورہی ناکامیوں کا احاطہ کرتے ہوئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لینے کی تلقین کی اور کہاکہ بے دینی اور ہماری ناعاقبت اندیشی کے سبب آج ہم ساری دنیا میں زلیل و رسوا ہورہے ہیں۔جب تک ہم دین پر صحیح معنوں میں کاربند رہے امت مسلمہ کی ٹھوکر میں کئی اقتدار تھے اور نصرت الہی کے سبب ہمارا غلبہ ساری دنیا میں تھا تاہم بے دینی اوراللہ کے دین کو پھیلانے کی ذمہ داری کو ہم نے فراموش کردیا جس کے نتیجہ میں اقتدار ہم سے چھین لیاگیا۔ علما نے اسلامی شعائر اور دین کی بنیادی تعلیمات سے ناواقفیت، بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے منفی رحجانات، گھریلو تشدد، منشیات کی وبا اور دین کی آڑ میں بے دینی کو فروغ دینے کی منظم کوششوں پر بھی فکر و تشویش کا اظہار کرتے معاشرہ کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے والدین، اساتذہ، معزز شہریوں اورسماج کے باشعورافراد سے تعاون طلب کیاتاکہ ہماری نئی نسل کا دینی اورتعلیمی مستقبل روشن اور درخشاں ہو اور ایک اسلامی و فلاحی معاشرہ وجود میں آسکے۔ علما نے رمضان المبارک کے اس آخری عشرہ میں شب قدر کی اہمیت اور فضیلت پر تفصیلی طور پر  عالمانہ طرز و انداز میں تشریح کی  دونوں جڑواں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کی مختلف مساجد میں جلسہ ہائے شب قدر منعقد کئے گئے۔اس موقع پر مساجد کو روشنیوں سے منور کیا گیا تھا۔ان محافل میں  ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

Loading...