نئی دہلی: اترپردیش کےبلند شہر (Bulandshahr) میں پیرکی دیر رات دو سادھووں
(Two Saints) کےقتل کے معاملے میں اب شیو سینا (Shiv Sena) اورکانگریس (Congress) بھی اتر آئی ہیں اور اسےفرقہ وارانہ رنگ نہیں دینےکی اپیل کی ہے۔ شیو سینا لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے اس پورےحادثہ کو خطرناک بتایا ہے۔ ہندی میں کئےگئے اپنے ایک ٹوئٹ میں سنجے راوت نےلکھا، ’خطرناک! بلندشہر، یوپی کے ایک مندر میں دو سادھووں کا قتل، لیکن میں سبھی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اسے فرقہ وارانہ نہ بنائیں، جس طرح سےکچھ لوگوں نے پال گھر معاملے میں کرنےکی کوشش کی۔
واضح رہےکہ اترپردیش کےضلع بلند شہر میں دو سادھوں کے قتل کے معاملے میں پولیس نے ایک دلت نوجوان کو گرفتارکیا ہے۔ ایس ایس پی سنتوش کمارسنگھ نے پیرکو بتایاکہ یہ واقعہ انوپ شہرکوتوالی علاقے پگونا گاؤں کے ایک شیو مندر میں گذشتہ رات اس وقت پیش آیا جب دو سادھو رات میں سو رہے تھے اور اسی حالت میں ان کا دھار دار ہتھیار سے قتل کردیا گیا۔ سادھووں کےقتل کے ملزمین نے پوچھ گچھ میں کہا کہ بھگوان (خدا) کی مرضی تھی، اس لئے ڈنڈے سے پیٹ پیٹ کر دونوں سادھووں کو مارڈالا۔ بتایا جاتا ہےکہ شیو مندر میں گزشتہ تقریباً 10 سالوں سے سادھو جگن داس (عمر 55 سال) اور سیوا داس (35 سال) رہتے تھے۔ دونوں سادھو مندر میں رہ کر پوجا ارچنا میں لگے رہتے تھے۔
وہیں، اس پورےحادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مطالبہ کیا کہ سچائی سامنے آنی چاہئے اور اس موضوع پر سیاست نہیں کی جانی چاہئے۔ انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئےکہا، ’اپریل کے پہلے 15 دنوں میں ہی اترپردیش میں 100 لوگوں کا قتل ہوگیا۔ تین دن پہلے ایٹہ میں پچوری فیملی کے 5 لوگوں کی لاش مشکوک حالت میں پائی گئی۔ کوئی نہیں جانتا ان کے ساتھ کیا ہوا۔ آج بلند شہر میں ایک مندر میں سو رہے دو سادھووں کو بے رحمی سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ ایسے گھناونے جرم کی گہرائی سے جانچ ہونی چاہئے اور اس وقت کسی کو بھی اس معاملے میں سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ منصفانہ جانچ کرکے پوری سچائی صوبےکےسامنے لانی چاہئے۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے’۔
دوسری جانب واقعہ کا وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے نوٹس لیتے ہوئےضلع کے سینئر افسران کو اس ضمن میں تفتیش کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے خاطیوں کےخلاف سخت کاروائی کرنےکا حکم دیا ہے۔ پولیس نےکہا کہ صبح جب مقامی افراد پوجا کےلئے مندرگئے تو دونوں کی لاشیں خون میں لت پت پڑی ہوئی دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا، جب سے دونوں سادھوں کے قتل کا پتہ چلا ہے، علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے اور لوگوں میں کافی اشتعال ہے۔ مندرکےقریب کافی تعداد میں لوگ اکٹھا ہوگئے۔

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے نوٹس لیتے ہوئےضلع کے سینئر افسران کو اس ضمن میں تفتیش کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس نے مراری نام کےشخص کو گرفتارکیا ہے۔ وہ موقع واردات سے دو کلو میٹردور نیم برہنہ حالت میں نشے میں مست ملا ہے۔ اس کے ہاتھ میں وہ تلوار بھی تھی، جس سے اس نے قتل کیا ہے۔ مراری اسی گاؤں کار ہنے والا ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ دو دن قبل مراری نے سادھو جگدیش داس کا چمٹا غائب کردیا تھا، جسے لےکر بابا نے اسے کافی ڈانٹا تھا۔ مہلوکین کی شناخت جگن داس(55) اور سیوا داس(35) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں گذشتہ 10سالوں سے مندر میں رہ رہے تھے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔