نئی دہلی: کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی کو آج دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ وہ گزشتہ دنوں کورونا وائرس سے متاثر ہوئی تھیں۔ اس بات کی جانکاری کانگریس لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا نے دی ہے۔ ان کے مطابق، سونیا گاندھی کی حالت مستحکم ہے اور انہیں اسپتال میں نگرانی کے لئے رکھا جائے گا۔ اب تک دو بار ان کی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔ وہ گزشتہ تقریباً 10 دنوں سے بیمار ہیں۔
واضح رہے کہ انہیں 2 جون کو کورونا ہوا تھا۔ اس وقت بھی رندیپ سرجے والا نے ہی ان کی صحت کو لے کر جانکاری دی تھی۔ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد انہیں ہلکا بخار تھا۔ ساتھ ہی ان میں کورونا کے ہلکے علامات نظر آرہے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے خود کو آئیسولیٹ کرلیا تھا اور ڈاکٹروں کی دیکھ ریکھ میں ان کا علاج چل رہا تھا۔
پرینکا گاندھی کو بھی ہوا تھا کورونا
گزشتہ دنوں ملک میں بڑھتے کورونا کیسز کے درمیان کانگریس کے کئی لیڈران وائرس کی چپیٹ میں آگئے تھے۔ صدر سونیا گاندھی اور تنظیمی جنرل سکرٹری کے سی وینو گوپال کے بعد پارٹی جنرل سکریٹری سونیا گاندھی واڈرا بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئی تھیں۔ خود پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کرکے اس کی جانکاری دی تھی۔ پرینکا گاندھی کو انفیکشن کی ہلکی علامت تھی۔ انہوں نے خود کو گھر پر آئیسولیٹ کیا تھا۔
ای ڈی کے سامنے ہونی ہے پیشی
گزشتہ دنوں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سونیا گاندھی کو نیشنل ہیرالڈ کیس سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں 23 جون کو پوچھ گچھ کے لئے پیش ہونے کو کہا ہے۔ پہلے انہیں 8 جون کو پیش ہونے کے لئے کہا گیا تھا، لیکن کورونا وائرس سے انفیکشن ہونے کے سبب انہیں پیشی کے لئے ای ڈی سے نئی تاریخ طلب کی تھی۔
مسلسل بڑھ رہے ہیں کورونا کے کیس
پورے ملک میں ایک دن میں کورونا وائرس انفیکشن کے 8,582 نئے معاملےل سامنے آئے، جس کے بعد انفیکشن کے کل معاملوں کی تعداد 4,32,22,017 پر پہنچ گئی، جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 44,513 ہوگئی ہے۔ مرکزی وزیر صحت کے اتوار صبح 8 بجے تک کے اعدادوشمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹے میں چار اور مریضوں کے انفیکشن سے جان گنوانے سے مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 5,24,761 پر پہنچ گئی ہے۔ ملک میں سرگرم مریضوں کی تعداد انفیکشن کے کل معاملوں کا 0.10 فیصد ہے جبکہ کووڈ-19 سے صحتیاب ہونے کی قومی شرح 98.66 فیصد درج کی گئی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔