آئی این ایکس میڈیا کیس: منموہن اور سونیا نے تہاڑ جیل جا کر چدمبرم سے کی ملاقات

چدمبرم کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے آئی این ایکس میڈیا معاملے میں گزشتہ 21 اگست کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد عدالت نے پانچ ستمبر کو انہیں تہاڑ جیل بھیج دیا تھا۔

Sep 23, 2019 11:04 AM IST | Updated on: Sep 23, 2019 11:07 AM IST
آئی این ایکس میڈیا کیس: منموہن اور سونیا نے تہاڑ جیل جا کر چدمبرم سے کی ملاقات

منموہن اور سونیا نے تہاڑ جیل جا کر چدمبرم سے کی ملاقات

نئی دہلی۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم ڈاکٹرمنموہن سنگھ نے پیر کو دارالحکومت کے تہاڑ جیل میں بند سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم سے ملاقات کی ۔ چدمبرم کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے آئی این ایکس میڈیا معاملے میں گزشتہ 21 اگست کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد عدالت نے پانچ ستمبر کو انہیں تہاڑ جیل بھیج دیا تھا۔

سونیا گاندھی اور منموہن سنگھ کا تہاڑ جیل جاکر سابق وزیر خزانہ سے ملاقات کرنا ظاہرکرتا ہے کہ پارٹی ان کے ساتھ پوری طرح سے کھڑی ہے۔ اس سے کچھ دن قبل ہی کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد اور احمد پٹیل نے بھی تہاڑ جیل میں چدمبرم سے ملاقات کی تھی۔ واضح ر ہے کہ گذشتہ پانچ ستمبر سے جیل میں بند 74 سالہ چدمبرم کو عدالت سے گزشتہ تین ہفتے میں کوئی راحت نہیں ملی ہے ۔

آئی این ایکس میڈیا معاملے میں دہلی ہائی کورٹ سے پیشگی ضمانت کی عرضی مسترد ہوجانے کے بعد سی بی آئی نے پی چدمبرم کو21 اگست کی رات کو گرفتار کیا تھا۔ انہیں 22 اگست کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے چدمبرم کو پہلے 26 اگست تک سی بی آئی کی حراست میں بھیجا۔ اس کے بعد اسے 30 اگست اور بعد میں بڑھا کر پانچ ستمبر کیا گیا تھا ۔ پانچ ستمبر کو پی چدمبرم کو 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں تہاڑ جیل بھیج دیا گیا تھا۔

Loading...

یہ معاملہ آئی این ایکس میڈیا کو غیر ملکی سرمایہ کاری پروموشن بورڈ سے 305 کروڑ روپے سے متعلق ہے۔ پی چدمبرم اس وقت منموہن سنگھ حکومت میں وزیر خزانہ تھے اور ان پر الزام ہے کہ بورڈ سے منظوری دلانے میں بے ضابطگی برتی گئی ۔ اس معاملے میں پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم بھی ملزم ہیں۔ تاہم وہ فی الحال ضمانت پر ہیں۔

Loading...